عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی بیٹی حلیمہ اور بالی ووڈ اسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بیٹی راحہ کپور کو سوشل میڈیا صارفین نے ہمشکل قرار دے دیا۔
حال ہی میں عاطف اسلم نے اپنی اکلوتی بیٹی حلیمہ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مداحوں کو بیٹی کی پہلی جھلک دکھائی تھی، گلوکار کی ننھی پری کی تصاویر نہ صرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی بہت مقبول ہورہی ہیں۔
پاکستانی اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین حلیمہ اور راحہ کپور کے درمیان موازنہ کر رہے ہیں، مداحوں کا ماننا ہے کہ عاطف اسلم کی بیٹی حلیمہ، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بیٹی راحہ کپور کے ساتھ غیر معمولی مشابہت رکھتی ہیں۔
مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر حلیمہ اور راحہ کپور کی تصاویر کے فوٹو کولاج بنا کر شیئر کیے جارہے ہیں جن پر صارفین تبصرے کرکے دونوں اسٹارز کی بیٹیوں کو ہمشکل قرار دے رہے ہیں۔
ایک مداح نے کہا کہ ہم سرحدوں سے تقسیم ہیں لیکن معصومیت سے متحد ہیں، ایک مداح نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس راحہ کپور ہے تو ہمارے پاس حلیمہ ہے۔
زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے حلیمہ اور راحہ کپور کی خوبصورتی اور معصومیت کی تعریفیں کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ راحہ اور حلیمہ بہت مشابہت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں پہلے روزے کو عاطف اسلم اور اُن کی اہلیہ سارہ بھروانہ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
دوسری جانب رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے ہاں سال 2022 میں 6 نومبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام راحہ رکھا۔