وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لائیں گے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اقدامات پر اجلاس ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں آئی ٹی کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے شرکت کی اور تجاویز پیش کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی ترقی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کلیدی کردار ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ملکی معیشت کی ترقی کی موجود وسیع استعداد کو بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے اور نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ علم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کی فروغ کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی معاونت حاصل کی جائے، اس کے علاوہ ترجیحی بنیاد پر ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، جس میں عام آدمی کی انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی بہتری، ای-گورننس، نوجوانوں میں ڈیجیٹل اسکلز کی پیشہ ورانہ تربیت، جدت اور اس شعبے میں کاروبار کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، عطاءاللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، رانا مشہود خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان اور دیگر متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔