تازہ تر ین

سارہ چوہدری نے عین عروج میں شوبز کیوں چھوڑا تھا

سارہ چوہدری ماضی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور ماڈل اور ٹی وی اداکارہ رہی ہیں جنہوں نے اپنے معصومانہ خدوخال اور بہترین اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ تاہم عین عروج کے دور میں سارہ نے مذہب کی جانب رجحان پیدا ہوجانے کے بعد اپنے شعوری فیصلے کے تحت میڈیا انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ حال ہی میں سارہ نے اس اچانک فیصلے کی وجوہات پر بات کی۔

سال 2002 میں کیرئیرکے آغاز کے بعد 2010 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سارہ اب شادی شدہ ہیں اور ماں کے رُتبے پر بھی فائز ہیں۔ شوبزچھوڑنے کے بعد انہوں نے الہدیٰ انسٹی ٹیوٹ میں شمولیت اختیار کی اور اپنی زندگی مذہب کی تبلیغ کے لیے وقف کردی۔

سارہ نے حافظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اس تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والدین ہمیشہ اسلام کی طرف مائل رہے اور ہمیشہ نماز اور قرآن پر زور دیتے تھے۔ میرے والد نماز کے بارے میں کافی سخت تھے، وہ مجھ سے روزانہ نماز کے بارے میں پوچھتے تھے۔

سارہ کے مطابق، ’میں بہت مذہبی رجحان رکھتی تھی اور ہدایت کے لیے دعا مانگتی تھی، میں چاہتی تھی کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسی شخصیت میں ڈھال دے جس کی وہ خواہش کرتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے احساس ہوا کہ حقیقی رہنمائی آپ کی زندگی کو اللہ کی مرضی سے ہم آہنگ کرنے کے بعد آتی ہے۔ میرے کیریئر کے دوران ایک اور واقعہ میری رہنمائی کا باعث بنا۔ میری جوان خالہ 38 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں جس کے بع میں نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ یہ میرے لیے حیران کن تھا، میرے خاندان کی طرف سے عائد پابندیوں نے بھی میری روحانی تبدیلی میں حصہ لیا۔ سارہ چوہدری کی حیثیت سے مجھے اپنے دوستوں کے ساتھ باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ یہ پابندیاں میرے لیے ایک نعمت تھیں، جس سے میرے روحانی سفر میں مدد ملی۔‘

سارہ نے مزید کہا کہ میں کبھی بھی میڈیا انڈسٹری کی جدیدیت کی زیادہ گہرائی میں نہیں اتری۔

شوبز جوائن کرنے کی وجہ سے متعلق بات کرتے ہوئے سارہ کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے والدین کی مدد کے لیے شوبز میں شمولیت اختیار کی تھی کیونکہ وہ ہمیشہ سے چاہتی تھیں کہ ان کے پاس گھر اور بنیادی سہولیات ہوں۔ والدین کی کم عمری میں شادی کی وجہ سے انہیں افی مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے والد کے دوست نے مجھے ماڈلنگ کی کچھ ذمہ داریاں دیں جس کے بعد میں نے میڈیا کو بطور کیریئر اپنایا، لیکن میں ہر وقت اپنے والدین کے ساتھ رہتی تھی اور وہ میری حفاظت کرتے تھے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے کسی حد تک اس وقت شادی بھی اسی لیے کی تھی کہ شوبز چھوڑ دوں۔

سارہ چوہدری نے پی ٹی وی کے طویل ڈرامے’چوکھٹ’ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ان کے دیگر قابل ذکر ڈراموں میں بہلاوا، تیرے پہلو میں، تیری ایک نظر، دن ڈھلے، چاہت، ملنگی، تم کہاں ہم کہاں اور دیگر شامل ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv