ریاض: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اُٹھانے پر شہباز شریف کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد دیتے ہوئے سعودی عرب اور عوام کی جانب اسلامی جمہوریہ پاکستان اور برادر عوام کے لیے کامیابی، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد نے اپنے پیغام میں پاکستان کے برادرانہ اسلامی ملک ہونے کی حیثیت سے دو طرفہ خوشگوار تعلقات میں اضافے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا وہ دوسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں اس سے قبل وہ گزشتہ برس تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پچھلی حکومت کے خاتمے پر وزیراعظم بنے تھے۔