جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جنوری میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات جنوری کے آخر میں ہونے کا کہا جا رہا ہے، جنوری میں خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونا مشکل ہوں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مقدمات ابھی عدالت میں ہیں، ملک میں اس وقت صورتحال کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے کاموں سے ثابت کیا کہ وہ نا اہل ہے۔
زر مبادلہ کے ذخائر پی ٹی آئی والے 2 ارب پر لائے ہیں، پی ٹی آئی نے معاشی لحاظ سے ملک کو دلدل میں گرایا۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر کو 11 ارب تک پہنچایا ہے، اس وقت انتخابات نہیں ملک کی معیشت بہتر ہونا ضروری ہے۔
ہم ہر وقت الیکشن کے لیے تیار ہیں، جے یو آئی نے ساڑھے 3سال الیکشن کے لیے جدوجہد کی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نواز شریف کا دوستوں سے جب بھی پوچھا انھوں نے کہا وہ آئیں گے، پی ڈی ایم اتحاد اب غیر فعال ہے، نواز شریف کے ویلکم کی ترتیب ن لیگ ہی بنائے گی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ دوست ممالک پی ٹی آئی کے آنے کی باتیں ہونے تک مدد نہیں کریں گے، موجودہ دہشتگردی سے دنیا میں پیغام جائے گا کہ پاکستان پرامن ملک نہیں۔