اگر آپ امریکا کی معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے مداح ہیں تو گوگل سرچ پر آپ کے لیے ایک دلچسپ گیم کو متعارف کرایا گیا ہے۔
گوگل کی جانب سے ٹیلر سوئفٹ کے مداحوں کے لیے گلوکارہ کے گانوں یا ان کی ذات کے حوالے سے مختلف الفاظ کو بوجھنے کا چیلنج دیا گیا ہے۔
کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ جب دنیا بھر مداحوں کی جانب سے 3 کروڑ 30 لاکھ بار درست جواب دیا جائے گا تو ٹیلر سوئفٹ کے نئے گانوں کے ٹائٹل کا انکشاف کیا جائے گا۔
امریکی گلوکارہ کی جانب سے اکتوبر کے آخر میں دوبارہ ریکارڈ کیا گیا نیا البم جاری کیا جائے گا۔
ٹیلر سوئفٹ کی جانب سے 2014 میں ریلیز کیے گئے البم 1989 کو دوبارہ ریکارڈ کرکے پیش کیا جا رہا ہے جس میں چند نئے گانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
گوگل کی جانب سے اسی حوالے سے سرچ انجن میں دلچسپ گیم کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جب کوئی صارف Taylor Swift لکھ کر سرچ کرتا ہے تو اسکرین کے نیچے دائیں کونے میں ایک تجوری جیسا آئیکون نظر آتا ہے۔
اس آئیکون پر کلک کرنے پر اس میں سے چند حروف نکل کر باہر آتے ہیں جو ٹیلر سوئفٹ کے کسی گانے یا ان کی شخصیت سے متعلق ہوتے ہیں اور صارف کو اس کا جواب سرچ بار پر لکھ کر انٹر کرنا ہوتا ہے۔
اگر جواب درست ہوتا ہے تو تجوری کو کلک کرنے پر نیا پزل سامنے آجاتا ہے۔
گوگل کے مطابق مجموعی طور پر 89 پزل اس گیم کا حصہ ہیں۔