اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت کے باہر صحافیوں سے پولیس کی بدسلوکی کی شدید مذمت کرتی ہوں۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پولیس کا صحافیوں پر تشدد قابل مذمت ہے جس پر صحافیوں سے معذرت کرتی ہوں، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے معاملے پر بات کی ہے، ان سے درخواست کی ہے کہ صحافیوں سے ہونے والے واقعے پر کارروائی کریں کہ پولیس تماشائی کیوں بنی رہی؟، حملہ آوروں کے ہاتھ روکنے کے بجائے میڈیا کو نشانہ بنانے والوں کا تعین کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ گیٹ توڑیں پی ٹی آئی کے فسادی اور ڈنڈے کھائیں بے گناہ صحافی، یہ نہیں چلے گا، پیشہ وارانہ ذمہ داریاں انجام دینے والے صحافیوں پر تشدد قابل افسوس اور ناقابل قبول ہے، صحافی ہر طرح کے سخت اور مشکل حالات میں عوام کو آگاہ کرنے کیلئے قابل قدر کام کرتے ہیں، صحافیوں کا احترام اور انہیں فرائض کی انجام دہی میں سہولت فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔