اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والی سہ ماہی رقم حکومت کی جانب سے سات سے بڑھا کر نو ہزار روپے کر دی گئی ہے، بڑھی ہوئی رقم جنوری 2023ء سے لاگو کر دی گئی، مارچ میں یہ رقم بڑھی ہوئی ملے گی۔
وفاقی وزیر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ خان دانوں کی مالی معاونت کر ریا ہے، 28 ہزار سالانہ کی مالی امداد سہ ماہی اقساط کی صورت میں دی جاتی ہے، حکومت نے سہ ماہی قسط 7 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ یہ فیصلہ غربت زدہ خان دانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے، بے نظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے مستحق حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی مدد فراہم کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو سال کی عمر کے بچوں کو معیاری خوراک کے ساشے مہیا کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ 70 لاکھ مستحق بچوں کو بے نظیر تعلیمی وظائف بھی دئیے جاتے ہیں، تعلیمی وظائف سے اسکولوں میں داخلے بڑھے ہیں اور ڈراپ آوٹ میں کمی آئی ہے۔