لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت کی ترجیح امن و امان کا قیام نہیں بلکہ صرف سیاسی انتقام ہے، حکمرانوں کو ملک کی فکر ہے نہ ہی عوام کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ دہشت گرد آزادانہ حملے کر رہے ہیں جبکہ سیاسی مخالفین کو قید کیا جا رہا ہے، نگران اڑھائی ماہ کے مہمان ہیں، ان کے تمام غیر آئینی اقدامات ریکارڈ ہو رہے ہیں، جو جو قانون سے تجاوز کر رہا ہے وہ قانون کے شکنجے میں آکر رہے گا۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت ہو یا نگران سیٹ اپ، سب کو صرف فکر ہے کہ عمران خان کو کیسے مائنس کرنا ہے، انتقام کا ایجنڈا رکھنے والے سن لیں عمران خان کا راستہ نہیں روکا جا سکتا، عوام، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، حکمران الیکشن میں مقابلہ کر لیں، عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی تیرہ جماعتیں بھی ملکر عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتیں، پی ڈی ایم کی جماعتیں بلدیاتی انتخابات سے لیکر عام انتخابات کے ہر محاذ سے بھاگ رہی ہیں، نگران سیٹ اپ ایک ایک فائل ڈھونڈ کر ہمارے دور کے اقدامات کو منسوخ کرنے میں مصروف ہے۔