تازہ تر ین

ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں:فرحت اللہ بابر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی شرعی عدالت کے قائمقام چیف جسٹس محمد انور نے استفسار کیا کہ کیا اللہ نے کہیں قرآن میں کہا ہے کہ جیسا آپ کو محسوس ہو رہا ہو آپ اپنی جنس تصور کر لیں ؟ جس پر سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے جواب دیا کہ ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں ہے۔
ٹرانسجینڈر ایکٹ 2018 کے خلاف دائر کردہ درخواست میں پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور خواجہ سرا الماس بوبی نے استدعا کی تھی کہ درخواستوں پر سماعت کے دوران انہیں اپنے دلائل دینے کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد میں وفاقی شرعی عدالت میں ٹرانسجینڈر ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت وفاقی شرعی عدالت کے قائم مقام چیف جسٹس کی سربرا ہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے دلائل دیئے کہ ایکٹ کا اطلاق جنس تبدیل کرنے کے خواہش مند شادی شدہ جوڑوں پر نہیں ہو سکتا، غیر شادی شدہ پر کیسے لاگو ہو سکتا ہے؟ اس قانون سے پہلے ٹرانسجینڈرکمیونٹی کے حقوق کی پامالی کی جا رہی تھی، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی بہتری کے لئے حکومت کونسے اقدام اٹھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون میں سب سے بڑا اعتراض ٹرانسجینڈر کی تعریف پر اٹھایا گیا ہے۔ چیف جسٹس سید محمد انور نے استفسار کیا کہ کیا کسی کو 70 سال کی عمر میں بھی یہ خیال آسکتا ہے کہ میری جنس تبدیل ہو گئی ہے؟ کیا شادی شدہ عورت یا مرد کی بھی جنس تبدیلی ہو سکتی ہے؟۔ جس پر فرحت اللہ بابر نے جواب دیا کہ قانون اسکی اجازت نہیں دیتا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نادرا کے پاس ایسا کوئی طریقہ کار ہے جس سے شناختی کارڈ جاری کرنے سے پہلے جنس کا تعین ہو سکے۔ نادرا کے وکیل نے جواب دیا کہ جنس کا تعین کرنے کا نادرا کے پاس کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اللہ نے کہیں قرآن میں کہا ہے کہ جیسا آپ کو محسوس ہو رہا ہو آپ اپنی جنس تصور کر لیں؟۔ جس کا جواب دیتے ہوئے فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں ہے، ہم جنس پرستی پاکستانی قانون کے مطابق جرم ہے۔
وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 7 دسمبر 2022 تک ملتوی کر دی گئی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv