تازہ تر ین

پنجاب میں عدم اعتماد یا گورنر راج کا خواب پورا نہیں ہوگا: پرویز الٰہی

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے پی ٹی آئی کے سینئررہنما پرویز خٹک نے پنجاب ہاؤس میں ملاقات کی ہے جس میں سیاسی امور اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں صوبائی اسمبلی کے تمام رولز آف پروسیجر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اوراسمبلی کے حوالے سے تمام تکنیکی پہلوؤں کو زیر بحث لایا گیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جان لے کہ پنجاب اسمبلی کسی کی ذاتی خواہش پر نہیں چلے گی، انشاء اللہ پنجاب اسمبلی میں ہر کام قانون و آئین کے تحت ہوگا، عدم اعتماد لانا یا گورنر راج لگانا اپوزیشن کا خواب ہے اور خواب ہی رہے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عمران خان کی مقبولیت شک و شبہ سے بالاتر ہے،سابق وزیر اعظم نے قوم کے اندر خود داری کا جذبہ بیدار کیا ہے، 13 جماعتوں کا نام نہاد اتحاد آخری سانسیں لے رہا ہے ۔
چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ نااہلوں پر مشتمل وفاقی حکومت نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے، بہت جلد یہ اتحادی دست و گریباں ہوں گے، ہم نے پہلے بھی عمران خان کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی کپتان کا ساتھ دیں گے ۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کرتے جبکہ پی ڈی ایم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کو ملکی مفاد پر ترجیح دی ہے۔
عمران خان ہمارے لیڈر، ہم ان کے ساتھ ہیں: چودھری پرویز الٰہی
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا، ملک بچانے کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو ملک بچانے نکلے تھے اب ان سے اپنی سیاست بھی نہیں بچ رہی، ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے، پنجاب میں اقتدار کے خواب دیکھنے والی اپوزیشن کے پاس نمبر ہی پورے نہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv