تازہ تر ین

تیسرا ویمنز ٹی 20: پاکستان کو شکست، آئرلینڈ نے تاریخ رقم کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے لاہور میں تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست دے کر تاریخی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
خیال رہے کہ یہ ایشیا میں کسی بھی آئرش ٹیم کی پہلی ٹی 20 سیریز جیت ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کے ٹاپ آرڈر نے ٹیم کے سکور میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ اوپنر گیبی لیوس نے 46 گیندوں میں 71 رنز بنائے، ان کی شاندار اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، لیوس کی ساتھی اوپنر ایمی ہنٹر نے 35 گیندوں میں 40 رنز بنائے جبکہ اورلا پرینڈرگاسٹ نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار، ناشرا سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
اوپنر جویریہ خان نے 37 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے بھرپور تعاون نہیں ملا کیونکہ پاکستان وقفے وقفے سے وکٹیں کھوتا رہا۔
آئرلینڈ کی آرلین کیلی اور لورا ڈیلانی نے رن کے تعاقب کے دوران پاکستان کو محدود کرنے کے لیے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
گیبی لیوس نے پلیئر آف دی میچ اور سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا، وہ تین ٹی 20 میں 130.90 کے اسٹرائیک ریٹ سے 144 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر تھیں۔
واضح رہے کہ ہفتہ کو لاہور میں خواتین کے پہلے ٹی 20 میں آئرلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے پیر کو دوسرا ٹی 20 چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔
خیال رہے کہ ٹی 20 سیریز سے قبل پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا تھا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv