تازہ تر ین

سیلاب میں امریکی امداد میں کمی کیوجہ وسائل کا فقدان ہے، امریکہ پاکستان تعلقات نہیں

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر ڈیرک شولیٹ نے کہا ہے کہ 2010 کے سیلاب کے مقابلے میں حالیہ سیلاب کے دوران امریکی امداد میں کمی کی وجہ وسائل کا فقدان ہے،پاکستان امریکہ تعلقات نہیں۔
بی بی سی کے مطابق ڈیرک شولیٹ کا کہنا تھا کہ سنہ 2010 میں صورتحال یکسر مختلف تھی۔امریکی کانگریس نے اس وقت پاکستان میں عوام کی فلاح کے لیے اربوں ڈالر مختص کر رکھے تھے جو افغان جنگ میں کی گئی کوششوں کے اعتراف میں دیے گئے تھے لیکن اس وقت ہمارے پاس وہ وسائل نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ امداد میں واضح کمی کی وجہ تعلقات میں سرد مہری ہرگز نہیں بلکہ عالمی معاشی بحران اور یوکرین جنگ بھی اس کی وجوہات میں سے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں تقریباً ہر جگہ ہی معاشی مشکلات گھمبیر ہو رہی ہیں اور یورپ اس وقت یوکرین جنگ کے باعث اپنے سب سے بڑے انسانی المیے سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے بی بی سی سے گفتگو میں کہاہے کہ یورپی یونین نے اس سال کے اپنے زیادہ تر وسائل پہلے ہی خرچ کر دیے ہیں لیکن ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں اگلے کئی ماہ لگ سکتے ہیں اس لیے ہمیں امداد کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ورلڈ بینک پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے اپنا تجزیہ پیش کرے گا جس سے یہ معلوم ہو گا کہ پاکستان میں کن چیزوں کی خصوصاً ضرورت ہے اور جب ہمارے پاس یہ معلومات ہوں گی، تو ہمیں واضح انداز میں حکمتِ عملی بنانے کا موقع ملے گا۔
ڈیرک شولیٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انھوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے پانچ کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سنہ 2010 کے سیلاب کے دوران امریکہ کی جانب سے پاکستان کے لیے 90 کروڑ ڈالر کی امداد کا اہتمام کیا گیا تھا اور آئی ایم ایف سے بجٹ خسارے کے اہداف میں نرمی کی منظوری بھی دلوائی گئی تھی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv