تازہ تر ین

ایشیا کپ: بھارت نے ہانگ کانگ کو شکست دیکر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 40 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی۔
بھارت کے 193 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں پر 152رنز بناسکی۔بابر حیات 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ کے کپتان نزاکت خان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں2 وکٹوں پر 192رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 68 اور ویرات کوہلی 44 گیندوں پر 59 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
سوریا کمار یادیو کی اننگز میں 6 چھکے شامل تھے۔اس کے علاوہ کے ایل راہول 36 اور کپتان روہت شرما 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے ایوش شکلا اور محمد غضنفر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہانگ کانگ نے ایشیا کپ 2022 میں اپنا پہلا جبکہ بھارت نے دوسرا میچ کھیلا، بھارت نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی،ہاردک پانڈیا کی جگہ رشبھ پنٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔
افغانستان گزشتہ روز بنگلادیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکا ہے۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv