راولاکوٹ: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بروقت فیصلے نہ ہوتے تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاکستان کو تباہ کرکے ہی چھوڑتی۔ راولاکوٹ میں وحدت کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان مذہب کے نام بنا تھا اب اسے سیکولر بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے حالات کو انارکی کی طرف لے جایا جا رہا تھا، عمران خان نے سی پیک کورول بیک کیا چین جیسے دوست کو ناراض کیا، اگر بروقت فیصلے نہ ہوتے تو عمران خان پاکستان کو تباہ کر کے چھوڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت کے پیچھے ایک ایجنڈا تھا کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی، مفادات کی سیاست کرنے والے کبھی آزادی حاصل نہیں کر سکتے۔ پہلی دفعہ اداروں نے بروقت فیصلہ کیا، ادارے اسی طرح فیصلے کرتے رہے تو ہم ان کی پشت پر ہوں گے۔