اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اور ٹیکسز میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔
انہوں نے یہ عندیہ امریکی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خصوصی انٹرویو کے دوران واضح طور پر کہا کہ آئی ایم ایف کی نظریں بجٹ پر ہیں، اس کے بعد معاہدہ متوقع ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ حکومت نے تیل کے لیے روس سےرابطہ کیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ پابندیاں عائد ہونے کی وجہ سے روس نے گزشتہ حکومت کو جواب نہیں دیا تھا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے گندم کے لیے یوکرین اورروس سے رابطہ کیا ہے، دونوں ممالک میں سے جو بھی گندم فراہم کرے گا ہم خرید لیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے باعث روس سے تیل خریدنا مشکل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سبسڈیز واپس لینے اورٹیکسز میں کچھ اضافے کا امکان ہے۔
مفتاح اسماعیل نے انٹرویو دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے ہمیں پھنسانے کے لیے سبسڈیز کا اعلان کیا تھا۔