کراچی : (ویب ڈیسک) پاکستان اور ہندوستان سمیت پورا خطہ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ ہیٹ ویو کے اس سلسلے میں لوگوں کے متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔ ہیٹ اسٹروک کی شدید کیفیت فوری طور پر مرکزی اعصابی نظام (سینٹرل نروس سسٹم) پر حملہ کرتی ہے جو مہلک بھی ہوسکتی ہے۔
ہیٹ اسٹروک کی اقسام:
ہیٹ اسٹروک کی صورت میں جسم کا درجہ حرارت اچانک 104 ، 105 اور دیگر صورتوں میں 106 تک بھی جاپہنچتا ہے۔ بدن کے یکلخت درجہ حرارت میں 10 سے 15 منٹ کے اندر اضافہ ہوجاتا ہے۔ اس کیفیت کو طب کی زبان میں ہائپرتھرمیا کہتے ہیں۔
اول: ایگزرشنل ہیٹ اسٹروک اور
دوم: نان ایگزرشنل ہیڈ اسٹروک
ایگزرشنل یعنی مشقت اور سرگرمی سے لاحق ہونے والا ہیٹ اسٹروک۔ یہ کیفیت عموماً گرمی میں سخت ورزش کرنے والے کھلاڑیوں یا مزدوروں کو لاحق ہوسکتا ہے۔ کھلاڑیوں اور بالخصوص ایتھلیٹ میں فوری اموات کی تین بڑی وجوہ میں اس نوعیت کا ہیٹ اسٹروک کا عمل دخل ہوتا ہے۔
دوسری جانب چلچلاتی دھوپ میں کام کرنے والے سخت کوش مزدور بھی اگر ہیٹ اسٹروک کے شکار ہوں تو وہ ایگزرشنل ہیٹ اسٹروک ہی کی اک کیفیت ہوگی۔
دوسری قسم نان ایگزرشنل ہیٹ اسٹروک کا مطلب یہ ہے کہ مرد، بچے اور خواتین کسی کام سے باہر نکلے اور گرمی کے شکار ہوگئے۔ حالانکہ انہوں نے غیرمعمولی مشقت اور پسینہ بہانے والا کوئی کام نہیں کیا تھا۔ ایسے لوگ بھی ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوسکتے ہیں اور یہ کیفیت بھی جان لیوا ہوسکتی ہے۔
اس طرح دونوں کیفیات میں دونوں طرح کے افراد کو ’حرارتی غلبہ‘ یا ہیٹ اسٹروک کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ڈاکٹر لیاقت نے بتایا کہ 2015 میں کراچی کی ہیٹ ویو میں بہت بڑا جانی نقصان ہوا تھا جبکہ 2017 میں امریکا میں گرمی کی اسی طرح کی لہر کے ہاتھوں 40 سے 50 بچے لقمہ اجل بن گئے تھے۔
بچوں اور بڑوں میں ہیٹ اسٹروک کی علامات
جسم گرم ہوجاتا ہے اور درجہ حرارت بہت تیزی سے بڑھتے ہوئے 103 یا 104 درجے فیرن ہائیٹ تک جاپہنچتا ہے۔
بچے کا چہرہ گرم اور سرخ ہوجاتا ہے اور جلد بھی خشک ہوجاتی ہے۔ یہاں تک کہ چہرہ چمکتی ہوئی غیرمعمولی سرخ رنگت اختیار کرلیتا ہے۔ دوسری علامت یہ ہے کہ نبض تیز ہوجاتی ہے، بچہ ہاتھ پیر چھوڑ دیتا ہے اور ڈھیلا پڑجاتا ہے۔ عین یہی کیفیات بڑوں میں ہوسکتی ہیں۔
اس کے علاوہ سر میں شدید درد ہوجاتا ہے۔ سر کا درد اتنا شدید ہوتا ہے کہ مریض تڑپنے لگتا ہے۔ دوسری کیفیت یہ ہے کہ گھبراہٹ اتنی بڑھ سکتی ہے کہ مریض کوئی فیصلہ کرنے سے بھی قاصر ہوجاتا ہے۔
پٹھوں میں اینٹھن اور دل کا بیٹھ جانا، گھبراہٹ اور متلی بھی ہیٹ اسٹروک کی کیفیات میں شامل ہیں۔ اس میں پسینے بھی آتے ہیں اور بعض افراد کی دماغی حالت بھی غیر ہوجاتی ہے۔