کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں نے ترسیلات زر میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ اپریل میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 3.1 ارب ڈالرز کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں اور 3 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات اب تک پہلی مرتبہ ملک میں آئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اپریل میں ترسیلات ماہ بہ ماہ 11.2 اور سال بسال 11.9 فیصد بڑھ گئیں جبکہ مالی سال 22 کے 10 ماہ کے دوران ترسیلات مجموعی طور پر 26.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اپریل کے دوران زیادہ تر رقوم سعودی عرب سے 707 ملین ڈالرز بھیجی گئیں اور اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات سے 614 ملین ڈالر بھیجی گئیں۔
برطانیہ سے 484 ملین ڈالر اور امریکہ سے 346 ملین ڈالر ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔