تازہ تر ین

‘تحریری دھمکی دی گئی ثبوت موجود ہیں’ حکومت گرانے کی کوششوں میں بیرونی ہاتھ ملوث، :وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے جلسے میں خط لہراتے ہوئے کہا کہ ہمیں پتا ہے باہر سے کن، کن جہگوں سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے، ہم ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، قوم کے سامنے پاکستان کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں، الزامات نہیں لگا رہا، میرے پاس یہ خط ثبوت کے طور پر موجود ہے، فارن پالیسی کو مروڑنے کی باہر سے کوشش کی جا رہی ہے، شاہ محمود قریشی کو پچھلے مہینوں یہ پتا چلا، جمہوری لیڈر کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتا عوام میں جاتا ہے، اس لیے آج عوام کو بتارہا ہوں، حکومت جاتی ہے جائے، جان جاتی ہے جائے، کبھی ان کو معاف نہیں کروں گا۔
اسلام آباد میں امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ٹی آئی ممبر پارلیمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میری کال پر پاکستان کے ہر کونے سے آنے پر دل سے شکر گزار ہوں، ممبران کو پیسوں کی لالچ دی گئی، آپ کے ضمیر کو خریدنے کی ہرکوشش کی گئی، مجھے اپنے اراکین اسمبلی پر فخر ہے، آج اپنے دل کی باتیں کرنی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ باشعور پاکستانیو! امربالمعروف کے لیے دعوت دی تھی، یاد رکھیں پاکستان ایک نظریئے کے تحت بنا تھا، نظریہ اسلامی فلاحی ریاست تھا، ہمارا ملک ایک نظریے کے تحت بنا تھا، مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں دین کی باتیں سیاست میں کیوں کرتے ہو، آج سے 25 سال پہلے جماعت بنائی تھی، نظریہ پاکستان کے لیے سیاست میں آیا تھا، پاکستان کا نظریہ اسلامی فلاحی ریاست تھا، پاکستان کو مدینہ کے اصولوں پر کھڑا کرنا تھا، اتنا بڑا جلسہ ہو گیا انتظامات ناکافی ہوگئے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے باہر سے مداخلت کے حوالے سے بات کی، اس حوالے سے بعد میں بات کروں گا، خطاب کے آخر میں بتاؤں گا باہر سے مداخلت کون کر رہا ہے، مجھے کافی عرصے تک نظریہ پاکستان کا نہیں پتہ تھا، جب تک اپنے نظریئے پر کھڑے نہیں ہوں گے تب تک قوم نہیں بن سکتے، کتنے لوگوں کو پتا ہے پاکستان کا نظریہ کیا ہے؟ مجھے بھی بڑی دیر تک پاکستان کے نظریئے کا نہیں پتا تھا، تعلیم کے لیے باہر چلا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مغرب میں دیکھا فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے، چین نے 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، ہیلتھ انشورنس دینے پر فخر ہے، ہمارے نبی ﷺ نے دنیا کی پہلی فلاحی ریاست بنائی تھی، یاد رکھیں ہمارے نبی ﷺ دنیا کے لئے رحمت بن کر آئے، ہمارے نبی نے مدینہ کی ریاست میں قانون کی بالادستی قائم کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں جیسے جیسے ٹیکس اکٹھا کروں گا سارا پیسہ قوم پر خرچ کروں گا، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت سود کے بغیر قرض دے رہے ہیں، نچلے طبقے کو پہلی دفعہ اوپر اٹھانے کی کوشش ہو رہی ہے، ٹیکس ریونیو بڑھا تو سب سے پہلے 250 ارب کی سبسڈی دی، پٹرول کی قیمت 10 روپے بڑھانے کے بجائے فضل الرحمان کی قیمت کم کی، بجلی کی قیمت پانچ روپے فی یونٹ کم کی۔
عمران خان نے امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے قرضوں کا بوجھ ہم اٹھا رہے ہیں، یہ تیار ہوجائیں، حکومت، جان جاتی ہے جائے کبھی ان کومعاف نہیں کروں گا، تھری اسٹوجز 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، ان کی اربوں روپیوں کا نہیں اربوں ڈالر کی پراپرٹی ہے، یہ سارا ڈرامہ مشرف کی طرح این آراو لینے کے لیے ہو رہا ہے، پہلے دن سے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کوئی خاص مخلوق ہے ان کوسب کچھ معاف ہوجانا چاہیے، مشرف نے اپنی کرسی بچانے کے لیے چوروں کو این آر او دیا، مشرف کے این آر او کی وجہ سے 10 سال ملک میں لوٹ مار ہوئی، چھوٹا چور نہیں بڑا ڈاکو ملک تباہ کرتا ہے، پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ بڑے ڈاکو کو این آراو اور چھوٹا چور جیل جاتا ہے، بڑے ڈاکو غریب ملکوں سے پیسہ چوری کر کے لندن میں بڑے، بڑے محلات بناتے ہیں، چھوٹا چور نہیں بڑے چور ملک تباہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماشااللہ یہ میری قوم کا جنون ہے، اس جنون کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی عظیم قوم بنانا ہے، میرا ایمان ہے ملک تب ترقی کرے گا جب نبی کی سنت پر چلے گا، جب ہم پانچ سال مکمل کریں گے تو تیزی سے غربت کم ہو گی۔
عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہماری حکومت کو گرانے کا فیصلہ کیا، دعویٰ کرتا ہوں پاکستان کی تاریخ میں ساڑھے تین سالوں جیسی پرفارمنس کسی حکومت نے نہیں دی، مدینہ کی ریاست میں اللہ نے امربالمعروف کا حکم دیا تھا، جب بدی دیکھیں تو جہاد کریں، اچھائی کے ساتھ کھڑا ہونا قوم کو زندہ رکھتی ہے، عراق جنگ کے خلاف لندن میں بیس لاکھ لوگ باہر نکلے اس کو امربالمعروف کہتے ہیں، آج مجھے آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، لوگوں کے ضمیروں کا سودا کر کے حکومت گرانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھروں کے ملازمین کو بھی حقوق دلوائیں گے، مغرب میں پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ مسلمان خواتین کو حقوق نہیں ملتے، اسلام واحد مذہب جس نے خواتین کو وراثت میں حقوق دیئے، افسوس 70 فیصد خواتین کو وراثت میں حقوق نہیں ملتے، ہماری حکومت خواتین کو وراثت سے حق دینے کا قانون لائی، ہم وہ پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس میں کمزور آدمی کو بھی انصاف ملے، مدینہ کی ریاست میں خلیفہ وقت بھی قانون سے اوپر نہیں تھا، مدینہ کی ریاست میں سب کے ساتھ یکساں سلوک ہوتا تھا، ہمارے نبی انسانیت کو اکٹھا کرنے آئے تھے، ہماری اقلیتیں برابر کے شہری ہیں، ہم وہ فارن پالیسی لانا چاہتے ہیں کسی جنگ میں نہیں لیکن امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کارکنوں کے نعروں پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی بات بعد میں کروں گا، شکر کریں 10 روپے ڈیزل کی قیمت کم کی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا دنیا کا سب سے بڑا بحران تھا، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں غریب کچلے گئے، اس وبا کی وجہ سے ساری دنیا بند ہوئی، کورونا کے باوجود میں نے ملک کو بند نہیں کیا مجھ پر تنقید ہوئی، سندھ کی حکومت نے میری بات نہیں مانی اور لاک ڈاؤن کر دیا، ساری دنیا نے ہماری کورونا کی پالیسی کو سراہا، ہم نے کورونا کے دوران معیشت اورغریبوں کو بھی بچایا، ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق برصغیر میں سب سے کم بے روزگاری پاکستان میں ہے، کورونا کے باوجود ہماری معیشت نے 6 ۔5 فیصد ترقی کی ساری اپوزیشن دھنگ رہ گئی، ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا۔
انہوں نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تھری اسٹوجز والی اپوزیشن میں ایک چیری بلاسم،دوسرا ڈیزل، تیسرا بیماری، چوتھا بھگوڑا ہے، ان ساروں نے کورونا کے دوران مجھ پر تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ٹیکس اکٹھا ہوگا تو قوم کے لیے آسانیاں پیدا کروں گا، پہلی بار تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانے کے لیے 30 ارب کی سبسڈی دی، پہلی دفعہ بینک گھر بنانے کے لیے قرضے دے رہے ہیں، روٹی، کپڑا، مکان کا نعرہ کس کا تھا اورمیرے اللہ کا شکر ہے کام کس سے لے رہا ہے، چیلنج کرتا ہوں یہ تیس سال سے حکومت کر رہے ہیں، پانی ملک کا بہت بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے، کراچی میں ٹینکر مافیا ہے انہوں نے کیا کیا؟ پاکستان میں پچاس سال بعد پہلی دفعہ ڈیم بن رہے ہیں، پشاور کے لوگوں کو خوشخبری دیتا ہوں 2025 میں مہمند ڈیم بن جائے گا، مہمند ڈیم سے سب سے سستی بجلی بنے گی، داسوڈیم 2027 تک بنے گا، بھاشا ڈیم 2028 تک بنے گا، ڈیم بننے سے کاشت کے لیے پانی دگنا اور پاکستان کی دولت میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے چل رہی ہے، ٹیکسٹائل انڈسٹری میں آج مزدور نہیں مل رہے، پہلے شوگر مل مافیا کسانوں کو پوری قیمت نہیں دیتا تھا، ہماری حکومت نے کسانوں کو حقوق دلوائے، اوورسیز نے سب سے زیادہ ڈالر پاکستان بھیجے، کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے آسانیاں پیدا کیں، کنسٹرکشن انڈسٹری کے ساتھ 30 انڈسٹریز چل پڑیں، کسانوں سے پوچھ لیں ملکی تاریخ میں پانچ فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں ہماری حکومت نے کیا کیا؟ مریم بی بی جس نے زندگی میں ایک گھنٹے کا کام نہیں کیا، کانپیں ٹانگنے والے کو 14 سال میں اردو بولنی نہیں آئی، کہتا ہے لیڈر بننا چاہتا ہوں، زرداری اپنے بیٹے کو لیڈر بننے کے لئے تھوڑا بڑا ہونے دینا تھا، بلاول دھمکیاں دیتا ہے نیب نے بلایا تو یہ کروں گا، بلاول کہتا ہے نیب نے بلایا تو رو پڑوں گا، 30 سال حکومتیں کرنے والوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ والٹن ایئرپورٹ کو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ بنا رہے ہیں، شیخ رشید صاحب آپ کے لیے خوشخبری ہے نالہ لئی پراجیکٹ بن رہا ہے، نالہ لئی میں ٹریٹمنٹ پلانٹ بنیں گے، تمام بڑے شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں، آج سے 11 سال پہلے بلوچستان کے اندر کوئلے، تانبے کی کانیں تھیں، مائننگ کمپنی پاکستان کوعدالت لیکر گئی تھی، پاکستان کو 2 ہزار ارب کا عالمی عدالت میں جرمانہ ہوا تھا، سونے، تانبے کی کانوں میں جب کام شروع ہوگا تو آپ کو اندازہ نہیں کتنا فائدہ ہوگا؟ میرے پاکستانیو! پاکستان کا مستقبل روشن ہے، پیپلز پارٹی دور میں رینٹل پاور میں بہت بڑی کرپشن ہوئی تھی، ہمارے ملک کو 200 ارب کا جرمانہ ہوا تھا، پاکستان نے ترکی کی کمپنی کو 200 ارب جرمانہ دینا تھا، ترکی کے صدر سے مذاکرات کر کے 200 ارب جرمانہ معاف کرایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پختونخوا کا ڈیولپمنٹ فنڈ 200 ارب ہے، سابقہ دونوں حکومتیں اس حوالے سے کچھ نہیں کرسکیں، میری ٹیم نے تین سال مذاکرات کیے اورجرمانہ ختم کرایا، وہی کمپنی اب پاکستان میں نو ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ کر رہی ہے، پاکستان میں سب سے بڑی 9 ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ ہوگی، بلوچستان پیچھے رہ گیا ہے 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔
امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپشن سے پاک حکومت آئے تو قوم کو فائدہ ہوتا ہے، مسلم لیگ (ن) نے گیس کے معاہدے سائن کیے تھے، ہماری حکومت نے گیس کے نئے معاہدے کیے، یہ فرق ہوتا ہے ہمارے معاہدوں سے قوم کو 700 ارب کی بچت ہوگی، نوازشریف نے خود نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی وزارت رکھی ہوئی تھی، نوازشریف دور سے ہماری حکومت نے فی کلومیٹر 23 کروڑ روپیہ سستی سڑکیں بنائیں،2013 میں (ن) لیگ نے سڑکیں بنانے کے لیے ایک ہزار ارب کی چوری کی، ہماری حکومت نے ان سے دگنی سڑکیں بنائی ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کبھی ان کی حکومتوں نے آنے والی نسلوں کا نہیں سوچا، ہماری حکومت نے ایک ارب درخت اگائے، آج ہم 10ارب درخت لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑ کر جائیں گے، ان کا سب کچھ لندن میں ہے، ان کو پاکستانیوں کی فکر نہیں ان کو لندن کے محلات کی فکر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کلمہ انسان کوغیرت دیتا ہے، دنیا اس کی عزت کرتی ہے جو خود اپنی عزت کرتا ہے، بے غیرت آدمی کی کوئی عزت نہیں کرتا، جو انسانوں کے سامنے جھکتا ہے اس کی کوئی عزت نہیں کرتا، اللہ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، ہم نے پاکستان کو دنیا کو سیاحت کا ہب بنانا ہے، اسکردو میں آسٹریا کی کمپنی انویسٹ کرے گی، سیاحت کو بڑھائیں گے اور ملک میں پیسہ لاکر دکھاؤں گا، نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ جوسازش ہو رہی ہے اس پر بات کرنے لگا ہوں، میرے ماں، باپ ایک غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے تحریک آزادی کی اسٹرگل میں شرکت کی تھی، والدین نے کہا تم خوش قسمت ہو ایک آزاد ملک میں پیدا ہوئے، بیرون ملک پاکستانی غیر ملک میں روزی کمانے جاتے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں سے پوچھو آزاد ملک بہت بڑی نعمت ہے، سیاست شروع کی تو نصب اولین ’ایاک نعبدو‘ رکھا تھا، اے اللہ تیری عبادت کرتا ہوں تیرے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نبی ﷺ کی سنت پرمغرب والے عمل کر کے آگے نکل گئے، رمزی یوسف کا وکیل جج کے سامنے کہتا ہے پاکستانی ڈالروں کے لیے اپنی ماں بیچ دیتے ہیں، یہ بات کبھی نہیں بھول سکتا، میری قوم غیرت مند اور لیڈر بے غیرت ہیں، جو لیڈر قوم کے ساتھ کھڑا نہیں ہوسکتا، جو لیڈر سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیک دے وہ ملک کبھی ترقی نہیں کرسکتا، میرے دل میں لا اللہ ہے کبھی جھکا نہ قوم کو کبھی جھکنے دوں گا، کرکٹ میں انگریز ٹیم سے کھیلنے سے پہلے ہار مان چکی ہوتی تھی، 1980 کی دہائی میں دنیا کی ٹیموں کو ہم نے شکست دی، ان لوگوں نے فارن فنڈنگ لے کر اپنے ملک میں ڈرون حملے کرائے۔
جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی کم تقریر لکھتا ہوں لیکن یہ بات ایسی ہے جذبات میں آکر کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا، ہمارے ملک کو پرانے لیڈروں کی کرتوتوں کی وجہ سے دھمکیاں ملتی رہیں، ہمارے ملک کے اندر موجود لوگوں کی مدد سے حکومتیں تبدیل کی جاتی رہیں، ذوالفقارعلی بھٹو نے جب ملک کو آزاد فارن پالیسی دینے کی کوشش کی تو فضل الرحمان اور بھگوڑوں نوازشریف نے بھٹو کے خلاف تحریک چلائی اور آج جیسے حالات بنا دیئے گئے تھے، ان حالات کی وجہ سے بھٹو کو پھانسی دی گئی تھی، بھٹو سے اختلاف ہے لیکن اس کی ہمیشہ سے خود داری پسند تھی، آج اسی بھٹو کے داماد آصف زرداری سب سے بڑی بیماری اور اس کا نواسا کی کانپیں ٹانگ رہی ہے، دونوں کرسی کے لالچ میں نانا کی قربانی کو بھلا کر بھٹو کے قاتلوں کے ساتھ بیٹھ کر وکالت کر رہے ہیں، انہیں شرم نہیں آتی جن لوگوں نے پھانسی دلوائی کرسی کی خاطر ان کے ساتھ بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ثبوت کے طور پر موجود ہے، فارن پالیسی کو مروڑنے کی باہر سے کوشش کی جا رہی ہے، شاہ محمود قریشی کو پچھلے مہینوں یہ پتا چلا، آج قاتل اور مقتول اکٹھے ہو گئے ہیں، قاتل اور مقتول کو اکٹھا کرنے والوں کا بھی ہمیں پتا ہے، لیکن آج بھٹو والا وقت نہیں، وقت تبدیل ہوچکا ہے، دریا کا پانی نکل چکا، اب نیا وقت آچکا ہے، یہ ہے سوشل میڈیا کا زمانہ ہے کوئی چیز چھپ نہیں سکتی، ہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے، ہم سب سے دوستی کریں گے، غلامی نہیں کریں گے۔
خان صاحب! عوام آپ کے ساتھ، الیکشن کال کر دو: اسد عمر کی تجویز

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے تجویز دی کہ خان صاحب عوام آپ کے ساتھ، الیکشن کال کردو، مخالفین کو چل پتہ جائے گا۔

اسلام آباد میں اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حرام کی دولت والے حکمران آنکھیں اٹھا کر بات نہیں کرسکتے تھے، عمران خان نے جرات کیساتھ اقوام متحدہ میں اسلام کا مقدمہ لڑا، وزیراعظم صاحب! عدم اعتماد چھوٹی چیز ہے، پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے، فتح آپ کی ہوگی، عمران خان نے قوم کو جگا دیا ہے، جتنا بڑا جلسہ ہے ٹی وی اسے کور نہیں کر سکتا، لاکھوں لوگ پنڈال کے باہر موجود ہیں، خان صاحب الیکشن تو اگلے سال ہے دل کر رہا ہے الیکشن کال کر دو ان کو پتا چل جائے گا عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں، ہم کسی ملک کی غلامی نہیں کریں گے، کیا عمران خان بچوں کے لیے پراپرٹی بنانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے؟ عمران خان پاکستان بچانے کی جنگ لڑ رہا ہے، ایک طرف حرام کے پیسوں کا استعمال کرنے والے ہیں، یہ جنگ عمران خان نہیں پاکستان کی جنگ ہے، یہ 22 کروڑ مسلمانوں کا ملک ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ فضل الرحمان کہتا جوبائیڈن دنیا کا لیڈر ہے، فضل الرحمان سن لو جوبائیڈن تمہارا لیڈر ہے ہمارا نہیں، چینی شارٹیج کا سنا تھا کیا کسی نے سنا ہے پالش کی شارٹیج ہوجائے، جو بوٹ پالش ملا، پالش کر دیا، آجکل ولایتی بوٹ پالش کر رہا ہے، حرام کا پیسہ استعمال کرنے والے جمہوری مینڈیٹ چھیننا چاہتے ہیں، ان کا نام نہیں لینا چاہتا ان کی پہلے ہی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
تاریخی جلسے نے پیغام دے دیا ہم سب عمران کے ساتھ کھڑے ہیں: مراد سعید
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ تاریخی جلسے نے کرپٹ ٹولے اور بیرونی طاقتوں کو پیغام دے دیا ہم سب عمران کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ پاکستانیوں سب سے پہلے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسلاموفوبیا کے خلاف پوری دنیا میں عمران خان نے آوازبلند کی، امریکا کو اڈے دینے سے انکار، ابسولیٹلی ناٹ عمران خان نے کیا، اندرونی وبیرونی سازشوں کو کس نے بے نقاب کیا؟، کرپٹ ٹولے کو کس نے بے نقاب کیا؟ دنیا میں آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں تو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، کیا اس جنگ میں عمران خان کا ساتھ دوگے؟ کیا ہر قدم عمران خان کے ساتھ کھڑے رہو گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری، خودداری، قومی غیرت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اندرونی و بیرونی سازشوں کا عمران خان کے ساتھ مل کرمقابلہ کریں گے، ہم سب نے اس عہد کی پاسداری کرنی ہے، تاریخی جلسے نے کرپٹ ٹولے اوربیرونی طاقتوں کوپیغام دے دیا ہم سب عمران کے ساتھ کھڑے ہیں، زرداری کا بیٹا پرچی لہرا کرکہتا ہے مجھے وزیراعظم بنادو۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ کیسے آئے، مولانا فضل الرحمان بارہواں کھلاڑی بھی وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔
جب الیکشن آیا تو ان لوٹوں کا منہ کالا کر کے گدھوں پر بٹھانا ہے: پرویز خٹک
وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام کو ایماندار لیڈرعمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، جو پی ٹی آئی سے چلے گئے ان سے کہتا ہوں پچھتاؤ گے، جب الیکشن آیا تو ان لوٹوں کا منہ کالا کر کے گدھوں پر بٹھانا ہے۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان ملک کو چوروں، لٹیروں سے بچانا چاہتے ہیں، اپوزیشن کو یہی تکلیف ہے کہ وزیراعظم ملک کو آگے لیجانا چاہتے ہیں، ہمارا لیڈر چوری نہیں کرتا، نہ عمران خان جارہا ہے نہ کسی کا باپ اسے ہٹا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاردن کے بعد یہ روتے دکھائی دیں گے، ڈرنا، گھبرانا نہیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، ہمیں اسمبلی میں بلیک میلرز ایم این ایز نے بلیک میل کیا۔
15 مارچ کو اسلاموفوبیا کا دن منانے پر 3 چوہے عدم اعتماد لائے: علی زیدی
وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کا دن منانے پر 3 چوہے عدم اعتماد لائے ہیں، خوددار ایماندار لیڈر کے ’ابسولیٹلی ناٹ‘کہنے پرعدم اعتماد لائی گئی۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ ابھی تو پارٹی شروع نہیں ہوئی، تھکنا نہیں، ہمیں فخر ہے عمران خان امت مسلمہ کا لیڈر بن گیا ہے، تین چوہے آپس میں مل گئے ہیں، یہ عدم اعتماد لیکر آئے ہیں، تین چوہوں میں ایک اتنا بڑا چوہا ہے جو سندھ کی ساری گندم کھا گیا، سندھ کے ہسپتال، اسکولوں کو تباہ کر دیا گیا، عمران خان کی قیادت میں اس چوہے کا شکار میں کر کے دکھاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھنے پرعدم اعتماد لائے ہیں، سندھ میں ہماری حکومت آ کر صحت کارڈ دے گی، ریکوڈک، کارکے کا مسئلہ عمران خان نے ٹھیک کیا۔
جی ڈی اے کا حکومت سے اتحاد اصولوں کی بنیاد پر ہے: فہمیدہ مرزا
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ جی ڈی اے نے اصولوں کے مطابق اپنا فیصلہ کیا، ہمارا حکومت سے اتحاد اصولوں کی بنیاد پر ہے، اگر آج سسٹم کو ڈی ریل کیا گیا تو آنے والی کوئی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی، لوٹا کریسی کو نہ روکا تو پھر ملک انارکی کی طرف جائے گا، انارکی کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں کو ہوگا۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ یہ ان کا کس قسم کا ضمیر ہے جو ان کی مرضی سے جاگتا ہے، ضمیر توبہت بدنام ہوگیا ہم اپنے اصولوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستانیو! اصول پر کھڑے ہونا آسان نہیں مشکل راستہ ہے، ہم ایوان میں حلف اٹھا کر آتے ہیں، اگر اچانک سے ضمیر بھائی جاگ اٹھے تو پاکستان، جمہوریت کا مستقبل کیا ہوگا، ہم نے پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا ہے، ملک میں لوٹا کریسی بند ہونی چاہیے، بی بی، میاں صاحب کی حکومت لوٹا کریسی کی وجہ سے جاتے دیکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 14سال سے ایک پارٹی کی حکمرانی ہے، سندھ کے لوگوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے، خدارا سندھ کو نظرانداز نہ کیا جائے، سندھ کے بہت برے حالات ہیں، سندھ کے حکمران سلیکٹڈ ہیں، نوجوان نسل کو نشے میں ڈالا جارہا ہے، اگرپنجاب، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو صحت کارڈ مل سکتا ہے تو سندھ کے لوگوں کو کیوں نہیں؟ سندھ حکومت عوام کو صحت کارڈ دے، سندھ حکومت چودہ سالوں میں صاف پانی نہیں دے سکی، لگتا ہے تمام ادارے سندھ کو نظرانداز کر چکے ہیں، سندھ میں بار بار سلیکٹڈ حکومت لائی جاتی ہے۔
عوام کی خواہش ہے نواز، شہباز اور زرداری جیل کے پیچھے ہوں: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تین کرپٹ ٹولہ لیڈر نہیں ڈاکو ہے، عوام ان ڈاکوؤں سے نجات چاہتے ہیں، عمران خان صاحب! عوام کی خواہش ہے نوازشریف، شہبازشریف ڈاکو، زرداری جیل کے پیچھے ہوں۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ سازش کر کے شاہ عبداللہ کے ساتھ سعودی عرب گئے، انہوں نے اپنے پلیٹ لیٹس کم کیے اور لندن گئے، عوام نے مہنگائی کو برداشت کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی لمبی چوڑی تقریر نہیں کرنے والا، ایک محبت اقتدار، ایک محبت غریب کی ہوتی ہے، شارٹ تقریر کرنے والا لیڈر ہوں، یہ چور، ڈاکو گینگ آف تھری ہے، انہوں نے کرنل قذافی، صدام حسین، اسامہ بن لادن کا مال نہیں چھوڑا تھا۔
کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں :شاہ محمود
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ووٹ تیری امانت ہے، ہم ضمیر نہیں بیچیں گے، آج عوام کی کچہری میں سرخرو ہوگئے، عمران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے اسلاموفوبیا کا مقدمہ لڑا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کی آواز بلند کی، عمران نے کہا تھا سبز پاسپورٹ کی عزت کرائے گا، او آئی سی کانفرنس میں تمہارے پاسپورٹ کی عزت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغض عمران کے لیے سب اکٹھے ہوگئے، عمران کو جھکانے کے لیے سب اکٹھے ہوئے، کیا عمران خان کو جھکنے دوگے؟ عمران خان کو پیغام بھیجا گیا تم این این آراو دے دوعدم اعتماد واپس لے لیں گے، کیا ان کو کرسی کی خاطر این آر او دیدیں؟ نوازشریف، فضل الرحمان، زرداری تمہیں این آراو نہیں ملے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام نے کپتان پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے،یہ تو بولی لگاتے ہیں، خرید لیتے ہیں، آصف زرداری تیرے پاس جتنی دولت ہے لے آؤ ایک بھی کارکن نہیں بکے گا، کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں، آج قوم جاگی ہے تو لٹیروں کی شکست ہوگی، قائداعظم نے قوم کو جگایا تھا تو پاکستان بن گیا تھا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv