راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہو کر آئے گی، یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی، انہیں ایسی شکست دیں گے یہ 2028ء تک نہیں اٹھ سکیں گے۔ فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے سکتی، اپوزیشن کے ساتھ عوام نہیں تو اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، مزید تگڑی ہوکر آئے گی، میں خوش ہوں کہ یہ اپوزیشن کی آخری واردات ہوگی کیوں کہ ہم اس بار انہیں ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028ء تک نہیں اٹھ سکیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ میں جہانگیر ترین کو جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے، اپوزیشن کے پیچھے ایک نہیں کئی بیرونی ہاتھ ہیں، ارکان کو 18، 18 کروڑ کی آفرز کی جارہی ہیں جس کے جواب میں ہماری بھی حکمت عملی تیار ہے، کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا، نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے گا تو فیصلہ کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹائے جانے کی اطلاعات پر انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہیں، جو وزیراعلی کے امیدوار ہیں صرف انہیں عثمان بزدار برا لگتا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہاں طاقت ور شخص قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتا، جہاں چوری سے پیسہ بنے وہاں لوگ پڑھائی اور محنت کیوں کریں گے؟ پھر معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے لیکن میں جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا۔