لاہور: (ویب ڈیسک) ایک شخص نے محض چینی کے ساشے سے حیرت انگیز جادوئی کرتب دکھا کر انٹرنیٹ صارفین کو سرکھجانے پر مجبور کردیا ہے۔
ویڈیو کو سب سے پہلے ٹک ٹاک صارف jadon.ray@ نے شیئر کیا تھا جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو انٹرنیٹ پر چھا گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص چینی کے چھوٹے سے ساشے کو کھولتا ہے اور چینی کو الٹے ہاتھ کی مٹھی میں ڈال دیتا ہے۔
بعد میں دکھایا گیا کہ کرتب دکھانے والا چینی کا خالی ساشے ہونٹوں میں دبا لیتا ہے اور مٹھی میں بند چینی کو ہوا میں اڑا دیتا ہے۔ اس کے بعد ویڈیو کا وہ حصہ ہے جس نے ناظرین کو دماغ لڑانے پر مجبور کردیا۔
چینی کو ہوا میں اڑانے کے بعد آدمی اس انداز سے ہاتھ لہراتا ہے جیسے وہ ہوا سے چینی کے ذرات چُن رہا ہو اور کچھ ہی دیر بعد وہ چینی واپس ساشے میں ڈال رہا ہوتا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک 60 لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
تاہم کچھ صارفین نے اس کرتب کی پول کھول دی ہے۔ جادوگر نے سیدھے ہاتھ کے انگوٹھے پر دراصل ایک جعلی انگوٹھے کا خول پہنا ہوا ہے جس میں چینی بھری ہوئی ہے۔ یہ جادوگر کا کمال تھا کہ اس نے کیسے ہاتھ کی صفائی سے لوگوں کو مبہوت کردیا۔