تازہ تر ین

سانحہ مری: اے سی مری، ڈی سی، سی ٹی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ مری کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سی پی او اور اے سی مری، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
خیال رہے کہ نو جنوری کو سیاحتی مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے تھے اور اس دوران شدید سردی اور گاڑیوں میں دم گھٹنے سے 23 سیاح زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ واقعے کے بعد پنجاب حکومت نے تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی گئی ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ سانحہ مری بہت بڑا واقعہ ہے، انکوائری رپورٹ کے مطابق غفلت، کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔ قوم سے سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔ قوم سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیا۔ سی پی او اور اے سی مری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ڈی ایس پی ٹریفک مری، ایس پی ہائی وے سرکل، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری، اے ایس پی مری کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے پس پردہ حقائق کا جائزہ لیا، متعلقہ افسران اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر رہے، افسران کوہٹا کر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ یہ بہت بڑا سانحہ ہے اور اس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ایک ہائی لیول انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کر رہے تھے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی نے بڑی عرق ریزی سے اس سانحہ کی رپورٹ مرتب کی اور پس پردہ حقائق کا جائزہ لیا۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق غفلت اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔ متعلقہ حکام اپنے فرائض اور رسک کا ادراک کرنے سے قاصر رہیں۔ کمیٹی کی سفارش کی روشنی میں 15 افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو عہدے سے ہٹا کر حکومت میں بھیج دیا گیا اور ان کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 9 جنوری کو مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے، شدید سردی اور دم گھٹنے سے ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 23 سیاح جاں بحق ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ سانحہ کے بعد پنجاب حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا۔ شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری سرکاری ریسٹ ہاؤسز، سرکاری دفاتر سیاحوں کے لئے کھولنے کا حکم دے دیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ پیدا شدہ صورتحال میں سیاحوں کو ہر ممکنہ طریقے سے ریلیف دیا جائے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv