ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا ہے کہ شاندار تربیت پاک فضائیہ کا ہمیشہ سے ایک خاصہ رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس (ACE) میں نمبر 55 کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی پاکستان ایئر فورس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب میں مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے افسران کواعلیٰ کارکردگی اور پیشہ ورانہ مہارت پر سرٹیفکیٹس اور ٹرافیاں بھی دیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ کمبیٹ پائلٹس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر محمد بلال خان نے جیتی جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز میںمجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس ٹرافی سکواڈرن لیڈر رانا محمد عابد نے حاصل کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کا مزید کہنا ہے کہ تقریب میں پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس نے مستقبل کے لڑاکا ہوابازوں کی شاندار فضائی حربی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، شاندار تربیت پاک فضائیہ کا ہمیشہ سے ایک خاصہ رہی ہے اور ہم اسے ہمہ گیر رکھیں گے۔
































