اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت صرف اسی صورت الیکشن کے لیے فنڈز جاری کرے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد میں قیمتوں پر قابو نہیں کر پارہی، جس کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں، حیدرآباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے جب کہ کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہے وزیر اعلی سندھ قیمتوں کو کنٹرول کریں۔
وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کو کورونا کی ویکسین لگوائیں، کیوں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں آکر رہے گی اور ہم اسے شکست دیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے امین اسلم کو لاہور میں اسموگ کے تدارک کے لیے طویل المدتی پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے۔