اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا، پاکستان عالمی سیاست کا محور بننے جا رہا ہے۔
سوموار کے روز میڈیا سے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالا جانا چاہئے، ہمیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہئے۔ ہم خطے کی چرچل پوسٹ پر بیٹھیں ہیں، ہمیں عزت ملنی چاہئے، ہمیں بائی پاس کرکے کسی کی دال نہیں گلے گی۔
اُن کا کہنا تھا، کابل پر حملے کا امریکی صدر کو پہلے سے علم تھا، طالبان نے ٹی ٹی پی کی حد تک یقین دہانی کرائی ہے، طالبان نے داعش کو شکست دی ہے۔ یقین ہے افغانستان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
وزیرداخلہ نے کہا، پاکستان پر سب سے زیادہ ذمے داری ہے۔ بھارت میں پاکستان کے خلاف ٹی وی پروگرام ہو رہے ہیں۔ پاکستان ایک ذمے دار ملک ہے۔ ہم قومی ذمے داری پوری کرینگے، امن کی خاطر ہم نے 80 ہزار جانیں دیں، ایک لاکھ لوگ معذور ہوئے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا،2192 لوگوں کو ٹرانزٹ ویزہ دیا ہے، ابھی تک کسی کو مہاجر کا درجہ نہیں دیا گیا، پاکستان میں ابھی تک ایک بھی افغان مہاجر نہیں آیا۔ سارا ملک خالی نہیں کرایا، یونیورسٹی کے ہاسٹل خالی نہیں ہونے چاہئے تھے۔
اُنہوں نے کہا، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے، اپوزیشن والے لاری اڈہ لاری اڈہ کھیل رہے ہیں، فضل الرحمن بہت غیر ذمے داری کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اپوزیشن کے کیس دو سال میں پورے ہو جائینگے، کوئی لیڈر اپنے ملک سے بھی بھاگتا ہے کیا؟۔ جیل تو سسرال کا گھر ہے، ہتکھڑی تو کجرے ہیں۔ اپوزیشن کو معاملات کو ہینڈل کرنے کا شعور ہی نہیں۔ ہماری اگر آئندہ سال پراگریس اچھی رہی تو اگلا الیکشن بھی ہمارا ہے۔
شیخ رشید بولے کہ، پورے ملک کے لئے 911 ہیلپ لائن شروع کرنے جا رہے ہیں، ایف آئی اے نے بھی 20ارب روپے کی ریکوری کی ہے۔