تازہ تر ین

یہ غیرقانونی بجٹ ہے، اسپیکر نے ایوان کا تقدس پامال کیا، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ کی منظوری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے رولز کی خلاف ورزی کی اور ایوان کا تقدس پامال کرتے ہوئے میرے چیلنج کو نظرانداز کیا جو میرا حق ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قومی اسمبلی کا فورم اس لیے ہوتا ہے کہ رکن ناصرف اپنے حلقے کی بات اور عوام کی نمائندگی کرے، حکومت کی مخالفت کرے اور یہ ہمارا حق ہے کہ ہماری گنتی کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا طریقہ کار یہ ہے کہ اسپیکر پہلے وائس ووٹ لیتے ہیں اور اگر کوئی بھی رکن چیلنج کرتا ہے تو اسپیکر صاحب کو قانون کے مطابق لازمی گنتی کرانی ہے، آج بجٹ کے فائنل اور سب سے اہم ووٹ کے موقع پر جب اسپیکر صاحب نے وائس ووٹ لیا تو میں نے خود کھڑے ہو کر اس وائس ووٹ کو چیلنج کیا لیکن اسپیکر صاحب نے رولز کی خلاف ورزی کی اور قومی اسمبلی کا تقدس پامال کرتے ہوئے میرے چیلنج کو نظرانداز کیا جو میرا حق ہے۔

بلاول نے کہا کہ قومی اسمبلی کے رکن اور اپنی جماعت کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے میں نے ان کے بجٹ کو چیلنج کیا، ان کو بجٹ کے حق اور مخالفت میں ووٹ دینے والے اراکین کی گنتی کرنی چاہیے تھی لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اسپیکر صاحب نے یہ نہیں کیا اور ہماری نظر میں یہ ایک غیرقانونی عمل ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسی لیے اسپیکر صاحب کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں رول 276 کی بھی نشاندہی کی ہے جس کے تحت ووٹ چیلنج ہو تو آپ نے گنتی کرانی ہوتی ہے لیکن اسپیکر صاحب نے آج رکن اسمبلی کے ووٹ کے حق پر ڈاکا مارا ہے، میں اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ انہیں فی الفور اس خط کا جواب دینا پڑے گا، اگر وہ اس غلطی کو درست نہیں کرتے ہیں تو یہ غیرقانونی بجٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ ان کا بجٹ اتنا زبردست اور معیشت اتنی ترقی کررہی ہے تو وہ کیوں چھپ رہے ہیں اور یہ میرا حق ہے کہ میں ملک اور قوم کے سامنے اپنی رائے کا اظہار کروں اور اپنا ووٹ ریکارڈ کروں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv