انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بوم بوم آفریدی کو ان کی 44 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے شاہد آفریدی کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ پہلے اپنے ڈیبیو میچ میں 37 گیندوں پر سنچری بنائی اور اب ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔
شاہد آفریدی کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر اپنی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا اور انہوں نے پاکستان کی جانب سے آخری ایک روزہ میچ مارچ 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔
شاہد آفریدی نے پاکستان کی جانب سے 398 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں انہوں نے 351 چھکے مارے اور 23 اعشاریہ 57 کی اوسط سے 8054 رنز اسکور کیے۔