تازہ تر ین

پیپلز پارٹی کا 31 جنوری تک استعفی جمع کرانے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

 کراچی: پیپلز پارٹی نے 31 جنوری تک اپنے تمام ارکان اسمبلی کے استعفی پارٹی قائدین کے پاس جمع کرانے اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ساتھ ہی قومی و پنجاب اسمبلی میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کی تجویز بھی پیش کردی۔

اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر رہنما فرحت اللہ بابر، نیئر بخاری اور قمرالزمان کائرہ بھی موجود تھے۔

بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 جنوری تک تمام ارکان اسمبلی کے استعفی پارٹی قائدین کے پاس جمع ہوجائیں گے، ہم حکومت گرانے کے لیے 31 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں تاہم استعفی کب دینے ہیں یہ پی ڈی ایم طے کرے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے حکومت سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کا امکان ایک بار پھر رد کردیا اور کہا کہ حکومت کے جانے اور وزیراعظم کے کرسی چھوڑنے تک کسی قسم کی بات نہیں ہوگی، اس سے پہلے ہم حکومت گرائیں حکومت خود ہی چلی جائے تو بہتر ہے لیکن اگر وہ 31 جنوری تک نہیں جاتی تو ہمارا پلان تیار ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہماری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے طے کیا ہے کہ پی ڈی ایم کی آل پارٹیز کانفرنس کے لائحہ عمل پر چلتے ہوئے اے، بی اور سی ایکشن پلانز پر عمل کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی کو حکومت کو ہر فورم پر چیلنج کرنا چاہیے، پورے پی ڈی ایم اور اپوزیشن جماعتوں کو ہر فورم پر ہر ہتھیار کے ساتھ لڑنا چاہیے، کمیٹی سمجھتی ہے کہ ناجائز حکومت کو عدالتوں اور پارلیمان میں بھی چیلنج کرنا چاہیے جس کے لیے پنجاب اور نیشنل اسمبلی میں چیلنج کرنا چاہیے اور ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv