وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے،عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا.
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں،ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں،ماضی کی لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا۔ عثمان بزدارکاکہنا تھا کہ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا، 22 کروڑ عوام ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔
عثمان بزدارکاکہناتھاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ان حالات میں انتشار کی سیاست ترقی کے سفر کو روکنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔