کراچی: شوبز انڈسٹری میں بہترین کام کرنے پرفنکاروں کی خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنےکے لیے انہیں ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔ فنکاروں کی شوبز میں خدمات کے صلے میں ایوارڈز سے نوازنے کا سلسلہ دنیا بھر میں رائج ہے اور ہر سال فنکاروں کو ایوارڈز دینے کے لیے ایوارڈز شوز منعقد کیے جاتے ہیں۔ لیکن کیا واقعی ایوارڈز فنکاروں کو منصفانہ طریقے سے دئیے جاتے ہیں۔
دنیا بھر میں کئی بڑے فنکار ایوارڈز شوز کے معیار پر نہ صرف سوال اٹھاتے ہیں بلکہ کئی فنکاروں کا ماننا ہے کہ ایوارڈز قابلیت پر نہیں بلکہ پسندیدگی پر دئیے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی بڑے اداکار ایوارڈ شوز کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کرتے۔ ان میں بالی ووڈ کے صف اول کے اداکار اکشے کمار اور عامر خان شامل ہیں۔ جب کہ پاکستان میں بھی کئی فنکار ایوارڈ شوز کی تقریب کو ایک شوپیس سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ یہ تقاریب مستند نہیں ہوتیں اور یہاں صرف اپنے اپنوں کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔