اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافےکی صورت میں مزید سخت اقدمات کیے جاسکتے ہیں۔
ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے اجلاس بلایا گیا جس میں تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
این سی او سی نے ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
این سی او سی نے تمام صوبوں کو اسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانےکی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ صوبے اسپتالوں میں موجودہ طبی سہولیات کاجائزہ لیں اور انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے اجلاس میں تمام صوبوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
این سی او سی کا کہناہے کہ صلاحیت میں اضافے کے لیے فوری طور پر ضروری اقدامات کیے جائیں، کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافےکی صورت میں مزید سخت اقدمات کیے جاسکتے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہو چکی ہے اور گزشتہ تین روز سے ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح مسلسل تین فیصد سے زائد رپورٹ ہورہی ہے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21688 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 807 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 11 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔
ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 6 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔