(ویب ڈیسک)اداکاری، صداکاری اور فنون لطیفہ کو اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ دینے والے سینئر اداکار طلعت حسین کو حال ہی میں حکومت پاکستان نے ان کی اداکاری کے باعث سول صدارتی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔
صدر پاکستان کی جانب سے 79 سالہ طلعت حسین کو ان کی شاندار اداکاری کے باعث ستارہ امتیاز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا اور انہیں پہلی بار حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
طلعت حسین کو حکومت پاکستان کی جانب سے آئندہ برس 23 مارچ کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا جائے گا اور ان کے ساتھ ہی دیگر 184 شخصیات کو بھی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
طلعت حسین سمیت متعدد اداکاروں، فنکاروں، سیاستدانوں اور سماجی رہنماؤں کو حکومت کی جانب سے زائد العمری میں ایوارڈز دیے جا رہے ہیں، جس پر کچھ لوگوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا۔
طلعت حسین کو بھی 50 سال سے زائد کا عرصہ اداکاری کرنے کے بعد ستارہ امتیاز دیا جا رہا ہے اور ایوارڈ دینے میں اتنی تاخیر پر ان کے مداحوں نے مایوسی کا اظہار بھی کیا مگر خود اداکار اس حوالے سے منفرد رائے رکھتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے تاخیر سے ایوارڈ دیے جانے کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں اتنی تاخیر سے حکومت کی جانب سے اعلیٰ سول ایوارڈ دیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔
طلعت حسین کا کہنا تھا کہ جو انہیں تاخیر سے ایوارڈ دیے جانے کی باتیں کر رہے ہیں وہ لوگ اپنی ذہنی استطاعت کے مطابق باتیں کر رہے ہیں اور انہیں ایسی باتوں پر کوئی یقین نہیں۔
طلعت حسین نے واضح کیا کہ اداکار ایوارڈ کے لیے کام نہیں کرتے۔
طلعت حسین نے حالیہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو آج کل کے ڈراموں کے اسکرپٹ ہی سمجھ نہیں آتے اور اسی وجہ سے ہی وہ آج کل کام نہیں کرتے۔
ساتھ ہی انہوں نے اعتراف کیا کہ اب انہیں اداکاری کی پیش کش بھی نہیں ہوتی تاہم انہوں نے اداکاری کی پیش کش نہ ملنے کی وجوہات بیان نہیں کیں۔
انٹرویو میں طلعت حسین نے انکشاف کیا کہ والد کی وفات کے بعد گھر میں مالی مشکلات کے باعث انہوں نے کم عمری میں ہی نوکری کرنا شروع کی تھی اور ایک دوست نے انہیں سینما کے گیٹ کیپر کی نوکری دلوائی تھی۔
طلعت حسین نے بتایا کہ ان کے دوست نے انہیں کراچی کے لیرک سینما میں گیٹ کیپر کی نوکری دلوائی مگر وہاں کے مینیجر نے دیکھا کہ وہ تعلیم یافتہ ہیں تو انہوں نے انہیں ایڈوانس بکنگ سیکشن میں رکھوادیا۔
سینما کے گیٹ کیپر سے اداکار بننے والے طلعت حسین کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر انہوں نے ریڈیو پاکستان میں صداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تاہم بعد ازاں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے منیجر ڈائریکٹر (ایم ڈی) اسلم اظہر نے انہیں اداکاری پر توجہ دینے کا کہا اور پھر 1964 کے بعد ان کی اداکاری کا آغاز ہوا۔
اداکاری میں قدم رکھنے کے چند سال بعد ہی طلعت حسین اداکاری کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے لندن چلے گئے اور وہاں بھی انہوں نے اسٹیج و تھیٹر پر کام کرنے سمیت نشریاتی اداروں کے ساتھ بھی کام کیا۔
لندن سے واپسی کے بعد انہوں نے ایک بار پھر اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے گزشتہ 5 دہائیوں میں پی ٹی وی کے درجنوں ڈراموں میں شاندار کردار ادا کیے۔
طلعت حسین نے کچھ فلموں میں بھی کام کیا جب کہ انہوں نے اسٹیج تھیٹرز میں بھی جوہر دکھائے اور کئی منصوبوں میں وائس اوور بھی کیا۔
زائد العمری کے باعث اب طلعت حسین ٹی وی پر کم دکھائی دیتے ہیں تاہم اس باوجود انہیں شوبز کی تقریبات میں دیکھا جاتا ہے۔