تازہ تر ین

’حق خودارادیت ملنے تک مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے‘،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر عزم کا اظہار کیا ہے کہ حق خودارادیت ملنے تک مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے، دنیا دیکھ رہی ہے کشمیر پر ظلم ہورہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں معید یوسف، سیکرٹری خارجہ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات اور عسکری حکام شریک ہوئے، اس موقع پر وزیر خارجہ نے دورہ ایل اوسی اور مظفر آباد کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں وزیراعظم اور صدرآزادکشمیر سمیت کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتوں کا تذکرہ کیا گیا، اس کے علاوہ یوم استحصال سے متعلق احتجاجی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔

اس موقع پر وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایل اوسی پر بھارتی فوج نہتے شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے، پوری کشمیری قوم بھارت کے5 اگست کے اقدامات یکسر مسترد کر چکی ہے، قوم5 اگست کو متحد ہوکر مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یوم استحصال منائے گی، ہم نے کشمیریوں کو حوصلہ دینا تھا۔

شاہ محمود نے کہا کہ افواج اور پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے کشمیر پر ظلم ہورہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی دنیا میں اجاگر ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب جامعہ مسجدسرینگر میں شکرانے کے نفل ادا کیے جائیں گے، کشمیریوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ تنہا نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، کشمیریوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv