کابل(ویب ڈیسک ) افغان صدر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 500 طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم سے خطاب میں افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کی جانب سے عید کے دنوں میں سیز فائر کے اعلان کے جواب میں طالبان قیدی رہا کرنے کا حکم دیا۔اشرف غنی کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے طالبان اس سیز فائر کے اعلان کو مزید آگے بڑھائیں گے۔
افغان صدر نے کہا کہ ان قیدیوں کو اگلے چار روز کے دوران رہا کیا جائے گا اور رہا کیے جانے والے یہ 500 طالبان قیدی اس فہرست میں سے نہیں ہیں جو طالبان نے حکومت کو فراہم کی ہے۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ طالبان کی فراہم کردہ فہرست میں 400 قیدی انتہائی سنگین جرائم میں ملوث ہیں جن کی رہائی کا اختیار بطور صدر ان کے پاس بھی نہیں ہے لہٰذا وہ اس معاملے پر جرگہ اور افغان قبائل سے مشورہ کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور امن دونوں میں افغان حکومت کی پوزیشن مضبوط ہے۔