تازہ تر ین

حکومتی ریلیف پیکیج مستحق افراد کے گھرو ں میں پہنچانے کا فیصلہ زخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی: عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومتی ریلیف پیکج کو مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا ، ہزاروں پارٹی عہدیداروں کو کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں شامل کیا جائے گا،وزیر اعظم (آج)پیر کو قوم سے خطاب کریں گے اور قوم کے سامنے جامع روڈ میپ رکھیں گئے۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گھبراہٹ میں کئے جانے والے فیصلے درست نہیں ہوتے،جو بھی حکمت عملی بنارہے ہیں اس میں دیہاڑی دار مزدور پہلی ترجیح ہے،ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں، صوبائی حکومتیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔اتوارکووزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اور ملک میں اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، جب کہ صوبوں میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں حکومتی ریلیف پیکج کو مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے رضاکار فورس کی حکمت عملی طے پا گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک سونپا جائے گا اور ہزاروں پارٹی عہدیداروں کو کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے ہر شہری کو کردار ادا کرنا ہوگا، مجھے یقین ہے قوم متحد ہوکر اس آزمائش کا مقابلہ کرے گی، محدود وسائل کے باوجود ہر سرکاری ادارہ بہترین کام کررہا ہے، جو بھی حکمت عملی بنا رہے ہیں اس میں دیہاڑی دار مزدور پہلی ترجیح ہے، ہنگامی حالات میں تمام وسائل قوم پر لگائیں گے۔وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں، صوبائی حکومتیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ وزیراعظم نے شاہراہوں پر گڈز ٹرانسپورٹ بحال رکھنے سے متعلق وفاقی وزیر مراد سعید کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ فوڈ چین میں کسی صورت رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ (آج)پیر کو قوم کے سامنے جامع روڈ میپ رکھوں گا، مشکل وقت میں لیڈر شپ کا امتحان ہوتا ہے، گھبراہٹ میں کئے جانے والے فیصلے درست نہیں ہوتے۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کی لیڈرشپ کو کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کیا،اس وقت پاکستان ایک مشکل مرحلے سے گز ر رہا ہے،کورونا وائرس سے حکومت اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتی،کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے عوام کا متحد ہونا بھی ضروری ہے،کورونا وائرس کے خلاف بھر پور اقدامات کر رہے ہیں،کورونا وائرس کا واحد علاج احتیاط ہے،کورونا وائرس معیشت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے عام اشیا کی ترسیل متاثر ہور ہی ہے،وزیراعظم نے متاثرین کے گھروں تک کھانا پہنچانے کے عزم کو دہرایا،وزیراعظم نے اس اہم قومی ذمہ داری کیلئے نوجوانوں کا انتخاب کیا ہے،وزیراعظم نے کورونا چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نوجوا نوں کو اپنا دست بازو بنانے کا فیصلہ کیا،وزیراعظم غریب متاثرین کیلئے خوراک کی فراہمی کے منصوبے کا اعلان کرینگے۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ ملک میں غذائی اجناس کی کوئی قلت نہیں،وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ راشن کیلئے 10 ارب کا فنڈ مختص کیا جا چکا ہے،25لاکھ افراد کو راشن کیلئے امدادی رقم دی جائے گی،بی آئی ایس پی سے رقم حاصل کرنے والے افراد اس کے اہل نہیں ہو ں گے،پنجاب میں 8 لیبارٹریز روزانہ 3200 ٹیسٹ کریں گی،فرائض کی انجام دہی کے دوران اگر کوئی ڈاکٹر شہید ہوتا ہے تواس کو شہید کے برابرپیکج دیا جائیگا،کے پی کے حکومت نے 11 ارب 40 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv