تازہ تر ین

ٹیکس ہدف پورا کرنے کے لیے ،وزیر اعظم نے منی بجٹ کی تجویز مسترد کر دی،عوامی فلاحی منصوبہ بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے منی بجٹ لانے کی تجویز رد کر دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ سال 21-2020 کی تیاریاں جاری ہیں اور وزیر اعظم عمران خان نے ہر وزارت کو عوامی فلاح کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم عمران خان نےدایت کی ہے کہ ہر وزارت عوام کی بہتری کے لیے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے بجٹ میں سامنے لائے جبکہ معاشی ٹیم کو ایسے منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کر دی۔ رواں ہفتے معاشی ٹیم کے اجلاس میں ایسے منصوبوں پر بات ہو گی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے منی بجٹ لانے کی تجویز بھی رد کر دی جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکس وصولیوں کے لیے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے منی بجٹ کی تجویز رد کرتے ہوئے مقف دیا کہ مہنگائی کی موجودہ صورت حال میں منی بجٹ عوام پر مزید مہنگائی مسلط کرے گا۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے تیل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی وزارت خزانہ کی تجویز بھی رد کر دی تھی ادھر وزیراعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ اور مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نیو بلیو ایریا منصوبے کا جائزہ لینے بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیراعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لئے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر ہوگا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔ لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شوز کئے جائیں گے۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوررسیز پاکستانیوں کو بھی رقم کے انتظام کے لئے مناسب وقت دیا جائے گا۔منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے۔ حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی۔ یہ رقم بے گھر اور غریب افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوگی۔ منصوبہ سے روزگار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ دریں اثناءاحساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ضرورت پر مبنی انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام ہے۔ احساس انڈرگریجویٹ اسکالرشپ اقدام کا باضابطہ اجراءوزیر اعظم عمران خان نے 4نومبر2019ءکو کیا۔ اس پروگرام کے تحت، ہر سال کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے 50,000 طلباءکو چار اور پانچ سالہ انڈر گریجویٹ پروگراموں میںِ تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس دئیے جائیںگے۔ آئندہ 4 سالوں میں200,000 انڈر گریجویٹ اسکالرشپس ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر دئیے جائیں گے۔ 50 فےصد اسکالرشپس خواتین طلباءکے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ 2 فیصداسکالرشپس خصوصی ضرورتوں کے حامل (جسمانی طور پر معذور) طلبا ءکو دی گی ہیں۔ اس 4 سالہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کل24ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت دئیے جانے والے اسکالرشپ میں 100 فیصدٹیوشن فیس کے ساتھ 4,000 روپے ماہانہ گزر بسر کا وظیفہ بھی شامل ہے۔ اس پروگرام کادائرہ کار چاروں صوبوں بشمول انضمام شدہ علاقوں اور گلگت بلتستان تک پھیلا ہوا ہے۔ HECسے الحاق شدہ 119سرکاری یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ پروگراموں میں زیرِتعلیم وہ تمام طالب علم جن کی خاندانی آمدن 45,000 روپے ماہانہ سے کم ہے درخواست دینے کے اہل ہیں۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv