نئی دہلی (صباح نیوز)بھارت کے پارلیمان کے مشترکہ بجٹ اجلاس میں بھی جمعہ کو متنازعہ شہریت کے قانون سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجا ج کیا گیا اور بجٹ اجلاس میں صدر رام ناتھ کوند کی تقریر میں خلل پڑا،بھارتی میڈیا کے مطابق میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جہاں پورے ملک میں جاری ہے وہیں جمعہ کو اس کے خلاف پارلیمان کے مشترکہ بجٹ اجلاس میں بھی نعرے بازی کی گئی اور بجٹ اجلاس میں صدر رام ناتھ کوند کی تقریر میں خلل واقع ہوا، سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہندوستان کے دوہزار بیس اور اکیس کے مالی سال کے بجٹ سے پہلے اور بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں بھی حزب اختلاف کی جماعتوں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے لگائے – جمعے کو بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں حزب اختلاف کی ایک درجن سے زائد جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ اور رہنماں نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نعرے لگائے اور اس کو ملک کے لئے خطرہ قرار دیا – حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے بھی اس احتجاجی اجتماع میں سی اے اے اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے ۔ بعد ازاں نئے بجٹ کے لئے بلائے گئے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر رام ناتھ کوند نے خطاب کیا – صدر نے جیسے ہی اپنے خطاب میں سی اے اے کا ذکر کیا اور اس سلسلے میں حکومت کی تعریف کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے نعرے لگا کر اس کی مخالفت کی – صدر کی تقریر کے دوران جہاں سی اے اے کی حمایت میں صدر کے بیان پر حزب اقتدار کے ارکان نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا وہیں حزب اختلاف کی جماعتوں نے نعرے لگا کر اس کی مخالفت کا اعلان کیا – حزب اختلاف کی جماعتوں کے نعروں کی وجہ سے صدر کے خطاب میں خلل پڑا – صدر کی تقریر کے بعد وزیرخزانہ سیتارمن نے نئے شورشرابے میں مالی سال کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا – صدر کے خطاب کے بعد کانگریس نے کہا ہے کہ صدر کے خطاب میں اقتصادی کساد بازاری سے نمٹنے کے لئے کچھ نہیں کہا گیا کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کا کہنا تھا کہ حکومت نے سی اے اے کے بارے میں اپنا موقف ایک بار پھر دوہریا ہے جس سے سی اے اے کے خلاف مظاہروں میں مزید شدت پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت نے خواتین طلبا اور نوجوانوں کے جمہوری احتجاج کو یکسر مسترد کردیا ہے جس کی وجہ سے اب ان مظاہروں میں مزید تیزی آئے گی۔