نیلم‘ مظفر آباد‘راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک‘ نیوز ایجنسیاں) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اورگولہ باری سے 14سالہ بچے سمیت دو شہری شہید جبکہ پاک فوج کے تین جوانوں سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ، جوابی کارروائی میں بھارتی چوکی تباہ ، بھارتی فوجی لاشیں نکالتے رہے ۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 14سالہ شہریار اور 29سالہ نوید شہید ہوگئے جبکہ پاک فوج کے تین جواناورلسوا گاں کی خاتون سمیت دوشہری زخمی ہوئے ۔پاک فوج نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کابھرپور جواب دیا ۔ جوابی کارروائی میں بھارتی چوکی کو نشانہ بناکرتباہ کردیا گیا ۔ بیان کے مطابق بھارتی فوج کو پاک فوج کا نشانہ بننے والی چوکی سے لاشیں نکالتے دیکھا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے لیسواہ، جورا، اشکوٹ، میر پورہ و دیگر علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کے خلاف بھر پور جوابی کاروائی کی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اٹھمقام سمیت وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بھارتی افواج کی جانب سے شدید فائرنگ و گولہ باری جاری ہے۔ بھارتی فائرنگ سے علاقے میں مواصلات اور بجلی کا نظام معطل ہوگیا ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔