تازہ تر ین

طاقتور ،کمزور کے لیے الگ الگ قانون،سپریم کورٹ تاثر ختم کرے عمران خان

اسلام آ باد‘حویلیاں‘ ایبٹ آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھے مافیا کا مقابلہ کرنے کےلئے تیار کیا ہے،ملک کا پیسہ لوٹنے والے ایک شخص کو بھی نہیں چھوڑونگا، پچھلے دنوں کنٹینر پر جو سرکس ہوئی، دھرنے کا ماہرتو میں ہوں ،پہلے ہی کہا تھا اگر یہ ایک ماہ کنٹینر پر گزار دیں تومان جاﺅنگا ،مدرسے کے بچے بارش میں باہر اور مولانا گرم کمرے میں بیٹھے تھے ،دین کو پیسہ بنانے کےلئے فروخت کرنا، بچوں سے جھوٹ بول کر سڑکوں پر لانا، اس سے بڑا گناہ کیا ہوسکتا ہے، ڈیزل کے پرمٹ اور کشمیر کمیٹی کی چیئر مین شپ پر بکنے والے نے اسلام کا نام استعمال کیا ،مجھے مولانا فضل الرحمٰن کی آخرت کی فکر ہے دعا کرتا ہوں اللہ اسے وہ سزا نہ دے جو اس کو ملنی ہے،کنٹینر پر نیلسن منڈیلا بننے والا شہباز شریف اور آئن اسٹائن کی روح کو تڑپانے والے بلاول زرداری بھی موجود تھے،بلاول زرداری خود کو لبرل کہتا ہے مگر وہ لبرلی کرپٹ ہے،جنرل مشرف کی طرح مک مکا کرلوں تو سب بیٹھ جائینگے ،میں ان کی بلیک میل میں آکر اگر اداروں کو پیچھے ہٹنے کہہ دوں تو میں اپنی قوم سے غداری کروں گا،مجھے ہارنا بھی آتا ہے جیتنا بھی آتا ہے، مجھے پارٹی وراثت میں نہیں ملی اور نہ ہی جنرل جیلانی کے گھر کا سریا لگاتے لگاتے کوئی وزارت حاصل کی تھی، 22 سال کی جدو جہد کی ہے تب جاکر اس مقام پر پہنچا ہوں، ہم نے شریف فیملی سے سات ارب کی گارنٹی مانگی ،عدالت میں شہباز شریف نے کہا میں گارنٹی دوں گا، جن کا خود کا بیٹا، داماد بھاگا ہوا ہو وہ کیا گارنٹی دیں گے؟شہباز شریف ڈرامے کررہا ہے ،کہتے ہیں نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہوگا، 800 سے زائد قیدی جیلوں میں گزشتہ 10 سالوں میں مرچکے ہیں ان کا کون ذمہ دار ہے؟عدلیہ طاقتور اور کمزور کےلیے الگ قانون کا تاثر درست کرے، ہزارہ موٹر وے سی پیک کا حصہ ہے،ہم چین سے ٹیکنالوجی سیکھ کر اپنی پیداوار دوگنی کریں گے اور خوشحالی آجائے گی،زراعت اور صنعتوں کے ذریعے ہم ملک کو تبدیل کریں گے، ہاو¿سنگ اسکیم سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ پیر کو ہزارہ موٹروے کے حویلیاں- تھاہ کوٹ سیکٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مراد سعید کی تقریر سن کر سوچ رہا تھا کہ نوجوانوں میں اس طرح کا جنون ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ قومیں جذبہ اور جنون سے کھڑی ہوتی ہیں، جنون صلاحیت اور عقل کو شکست دیتا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہزارہ موٹر وے سی پیک کا حصہ ہے اور ہمارا ملک جو اٹھے گا اس میں سی پیک کردار ادا کرے گا، سی پیک سے ہماری خامیاں جیسے زرعی پیداوار جو ہماری دنیا میں سب سے کم ہے، ہم چین سے ٹیکنالوجی سیکھ کر اپنی پیداوار دوگنی کریں گے اور خوشحالی آجائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج سی پیک کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جارہا ہے، ہماری بہت بڑی آبادی نوجوانوں کی ہے اور ان کو ہنر ملے گا تو یہ ہی ہماری قوت بنیں گے۔وزیر اعظم نے کہاکہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اللہ نے پاکستان کو بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہم نے صرف اس کے انتظامات ٹھیک کرنے ہیں، ہم نے موٹروے بنانے ہیں مگر پیسہ عوام پر لگانا ہے، صحت اور تعلیم کے مسائل حل کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جب حکومت میں آئی تو پہلا سال ہمارے لیے بہت مشکل تھا کیونکہ ہمارے پاس پیسے نہیں تھے۔عمران خان نے کہاکہ زراعت اور صنعتوں کے ذریعے ہم ملک کو تبدیل کریں گے، ہاو¿سنگ اسکیم سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پچھلے دنوں کنٹینر پر جو سرکس ہوئی، بتانا چاہوں گا کہ پاکستان میں اگر کوئی بھی دھرنے کا ماہر ہے تو وہ میں ہوں، میں نے کہا تھا کہ اگر ایک مہینہ یہ کنٹینر پر گزار دیں تو میں مان جاو¿ں گا، میں نے 126 دن کنٹینر پر گزارے ہیں، میں جانتا ہوں کہ کنٹینر اور دھرنا کیا ہوتا ہے؟۔انہوںنے کہاکہ دھرنے کے نام پر مدرسے کے بچوں کو لایا گیا، ہماری حکومت پہلی حکومت ہے جس نے مدرسوں کے بچوں کی ذمہ داری لی، دھرنے کے شرکا سے جاکر پوچھا جائے تو انہیں معلوم بھی نہیں ہوگا کہ ان کا دھرنے میں آنے کا مقصد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے مشکل گھڑی میرے لیے اس وقت تھی کہ جب بارش میں مدرسے کے بچے باہر بیٹھے تھے اورمولانا فضل الرحمٰن گرم کمرے میں گھر بیٹھے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دین کو پیسہ بنانے کے لیے فروخت کرنا، بچوں سے جھوٹ بول کر سڑکوں پر لانا، اس سے بڑا گناہ کیا ہوسکتا ہے، ایک آدمی جو ڈیزل کے نام پر بکنے والا ہے، ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والا،کشمیر کمیٹی کی چیئرمین شپ پر بکنے والے ہیں، نے اسلام کا نام استعمال کیا اور اس نے بچوں کو گمراہ کیا۔انہوںنے کہاکہ مجھے مولانا فضل الرحمٰن کی آخرت کی فکر ہے دعا کرتا ہوں اللہ اسے وہ سزا نہ دے جو اس کو ملنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر نیلسن منڈیلا بننے والا شہباز شریف اور آئن اسٹائن کی روح کو تڑپانے والے بلاول زرداری بھی موجود تھے۔وزیر اعظم نے کہاکہ بلاول زرداری نے جو تھیوری دی اس پر آئن اسٹائن کی روح بھی تڑپ رہی ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے اور زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے،بلاول زرداری خود کو لبرل کہتا ہے مگر وہ لبرلی کرپٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر دیگر افراد میں بے روزگار سیاست دان بھی تھے، جنہیں ڈر ہے کہ وہ پکڑے جائیں گے وہ کنٹینر پر موجود تھے۔عمران خان نے کہاکہ میں نے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ یہ سارے اکٹھے ہوجائیں گے کیونکہ ان کا مفاد ایک ہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماجہادی بھی بن جائیں گے لبرل بھی بن جائیں گے جہاں ان کا پیسہ بچ جائے یہ اس طرح خود کو تبدیل کرلیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ؛کنٹینر پر کیے گئے سارے ڈرامے کی ایک ہی کوشش تھی کہ دباو¿ ڈالا جائے تاکہ کرپشن کیسز سے پیچھے ہٹ جائیں، یہ بلیک میل کرنے آئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ دھرنے والے جب مذاکرات کرنے آئے تو کہا کہ کسی کو بھی تحریک انصاف سے وزیر اعظم بنادیں سوائے عمران خان کے، وہ اس لیے کیونکہ عمران خان کی کوئی قیمت نہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ میں ان کی بلیک میل میں آکر اگر اداروں کو پیچھے ہٹنے کہہ دوں تو میں اپنی قوم سے غداری کروں گا۔وزیر ا عظم نے کہاکہ میں جنرل مشرف کی طرح مک مکا کرلوں، انہیں این آر او دے دوں تو سب آرام سے بیٹھ جائیں گے اور ملک میں کوئی افرا تفری نہیں ہوگی مگر مجھے خوف خدا ہے، مجھے اپنی آخرت کی فکر ہے میں ان کی طرح نہیں، این آر او کا مطلب ان کے کرپشن کیسز کو معاف کردیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان کا قرضہ 4 گنا بڑھایا ہے، مہنگائی کی وجہ سے قوم پر مشکل وقت گزر رہا ہے، اور یہ مشکل وقت ان ہی کی وجہ سے ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ میں سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مجھے مقابلہ کرنے کی بہترین تربیت ہے اور اس سے قبل بھی مقابلہ کرکے میدانوں میں پاکستان کو اوپر لے کر جاچکا ہوں، مجھے ہارنا بھی آتا ہے جیتنا بھی آتا ہے، مجھے پارٹی وراثت میں نہیں ملی اور نہ ہی جنرل جیلانی کے گھر کا سریا لگاتے لگاتے کوئی وزارت حاصل کی تھی، 22 سال کی جدو جہد کی ہے تب جاکر اس مقام پر پہنچا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جو مرضی کرنا ہے کرلو، سب اکٹھے ہوجاو¿، میرا وعدہ کہ ایک شخص کو بھی نہیں چھوڑوں گا جس نے اس ملک کا پیسہ چوری کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ جیل جاتے ہی بیمار ہو جاتے ہیں لیکن، کابینہ میں زیادہ تر لوگوں نے کہا کہ نواز شریف کو نہ جانے دوں پر مجھے رحم آگیا اور کابینہ کو کہا کہ ان کو تکلیف ہے جانے دو تاہم ہم نے صرف 7 ارب روپے کی گارنٹی مانگی تھی اور کہا تھا کہ کاغذ کے ٹکڑے پر دستخط کردو مگر شہباز شریف نے ڈرامے شروع کردئیے۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس جتنا پیسہ ہے یہ 7 ارب روپے کی ٹپ دے سکتے ہیں مگر شہباز شریف نے کہا کہ میں گارنٹی دوں گا، جن کا خود کا بیٹا، داماد بھاگا ہوا ہو وہ کیا گارنٹی دیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نواز شریف کے دونوں بیٹے پہلے ہی بھاگے ہوئے ہیں ان کی کون گارنٹی دے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہیں، شہباز شریف جو ڈرامے کررہے ہیں قوم سب سمجھ چکی ہے، کہتے ہیں نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہوگا، 800 سے زائد قیدی جیلوں میں گزشتہ 10 سالوں میں مرچکے ہیں ان کا کون ذمہ دار ہے۔انہوںنے کہاکہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ایک عظیم قوم بنے گی اور وہ اس وقت بنے گی جب یہ مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا ہوگی، مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف اور انسانیت پر رکھی گئی تھی، جو ریاست اپنے کمزور، غریب، بیواو¿ں، یتیموں پر رحم کرتی ہے وہ کامیاب ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف لوگوں کو آزاد کردیتا ہے، چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور آنے والے جسٹس گلزار کی بہت عزت کرتا ہوں، ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس نظریے کو تبدیل کریں، ہمارا قانون ایسا ہو کہ کمزور سے کمزور آدمی بھی جب طاقتور کے آگے کھڑا ہو تو اسے اعتماد ہو کہ اسے انصاف ملے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل جائے گا مگر نا انصافی کا نہیں،عدلیہ سے گزارش ہے کہ عوام کا بھروسہ بحال کریں کہ یہاں سب کے لیے ایک قانون ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر میں 100 سے زائد روز سے کرفیو لگا ہوا ہے لیکن میڈیا اس پر لگا رہا کہ مولانا آ رہا ہے مولانا جا رہا ہے۔عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سب مافیا کے لیے پیغام ہے کہ مجھے اللہ نے مافیا کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کر رکھا ہے، میں مافیا اسپیشلسٹ ہوں۔



خاص خبریں


lahore smog

سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv