کراچی(ویب ڈیسک) نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ کا ٹاس قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔ فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 73 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 31 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور فخرزمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آﺅٹ ہوئے۔کپتان سرفراز کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی، عماد وسیم 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے اور افتخار احمد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زماں ، امام الحق ، بابراعظم ،حارث سہیل، افتخار احمد ، شاداب خان ، عماد وسیم ، محمد عامر ، وہاب ریاض اور عثمان شنواری شامل ہیں جب کہ آصف علی ،عابد علی، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد حسنین کو آج کے میچ میں نہیں کھلایا گیا ہے۔خیال رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا جب کہ اس سے قبل کراچی میں آخری ون ڈے انٹرنیشنل 2009 میں کھیلا گیا تھا۔