اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آجکل ملین ملین کی بات کر رہے ہیں کیونکہ وہ 15سال منسٹر انکلیو کی بہاریں بھول نہیں پارہے۔ مولانا کے لیے اقتدار کے بغیر زندہ رہنا ایسے ہی ہے جیسے پانی کے مچھلی۔ مولانا سیاست بچانے کے لیے مدرسے کے بچوں کا سہارا لینا چاہ رہے ہیںمگر ان کی موجیں ختم ہوگئیں اور اب واپس نہیں آسکتیں۔ پریس کانفرنس میں ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ مدرسے کے بچوں کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے والوں ،اسلام کی آڑ میں اپنے ذاتی مقاصد کی تکمیل کرنے والوں اور اسلام کے نام پر ذاتی دردکی تشہیر کرنے والوں کو عوام مسترد کر چکی ہے۔ ہم نے مدرسہ ریفارمز ایجنڈا کے تحت مدرسے کے بچوں کو بااختیار کیا ہے۔ مولانا کی بیتابی اور بے چینی کا شدت سے احساس ہے لیکن وقت گزرنے کیساتھ ساتھ سب دیکھیں گے کہ وہ ملین سے مزید دور ہوں گے، انکی بے چینی اور بیتابی اور بڑھتی دکھائی دے گی۔ چینل فائیوکے سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا فضل الرحمن اصول نہیں وصول کی سیاست کرتے ہیں۔