ادلب(ویب ڈیسک) شام میں اتحادی افواج کی ایک گاﺅں پر بمباری سے 7 بچوں سمیت 14 شہری جاں بحق ہوگئے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بشار الاسد اور اتحادی افواج کے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ادلب کے گاﺅں ماہمبیل پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 7 بچوں اور ایک خاتون سمیت 14 شہری جاں بحق ہوگئے۔انسانی حقوق کے مبصر برائے شام نے دعویٰ کیا کہ ادلب میں اب بھی خونی جھڑپ جاری ہے، 4 ماہ میں 520 شہریوں کی ہلاک ہوچکے ہیں، اتحادی افواج نے تازہ کارروائی بھی ایک رہائشی علاقے میں کی۔ ایک خاتون راکٹ لگنے کے باعث ہلاک ہوئیں۔داعش کے جنگجوﺅں کے آخری ٹھکانے ادلب کے اکثریتی علاقوں سے حکومتی فورسز 8 سال بعد باغیوں کا قبضہ چھڑوانے میں کامیاب ہوگئی ہیں تاہم چند علاقوں میں اب بھی داعش کا تسلط برقرار ہے۔ روس اور ترکی میں قیام امن کے معاہدے کے باوجود اتحادی افواج رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔واضح رہے کہ شام میں 2011 سے جاری خانہ جنگی میں 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے جب کہ لاکھوں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑ کر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔