تیونس (ویب ڈیسک)اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین انٹرنیشنل آرگنائزیش فار مائیگریشن (آئی او ایم ) کا کہنا ہے کہ نے لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی تیونس میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث کئی افراد لاپتہ ہیں۔امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین نے بتایا کہ کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں 82 تاحال لاپتہ ہیں۔آئی او ایم کے مطابق کشتی گزشتہ شب جرجیس کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، مچھیروں نے ڈوبتی ہوئی کشتی میں سے 4 افراد کو بچالیا تھا۔برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ریڈ کریسنٹ کے عہدیدار مونگی سلم نے بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے 4 افراد نے تیونس کوسٹ گارڈ کو بتایا تھا کہ کشتی جرجیس کے علاقے میں ڈوبی تھی۔مونگی سلم نے کہا کہ ان 4 افراد میں سے ایک بعدازاں ہسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ افریقی مہاجرین پر مشتمل ایک گروہ کو جرجیس سے 9 میل کے فاصلے پر بچایا گیا تھا انہوں نے کوسٹ گارڈ کو بتایا کہ وہ لیبیا کے ساحلی زوارہ سے سوار ہوئے تھے جن میں سے درجنوں افراد ڈوب گئے تھے۔مئی میں تیونس کے سمندر میں کشتی کو حادثے کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔گزشتہ برس تیونس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ تیونس کے شہریوں سمیت دیگر مہاجرین بہتر مستقبل کے لیے سمندری راستے سے یورپ داخل ہونے کی مسلسل کوششیں کرتے ہیں۔