تازہ تر ین

کرپشن کیلئے واویلاکرنیوالے ، تبدیلی کو نہیں رو ک سکتے،صوبائی وزیر اطلاعات

لاہور(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں ” سٹیٹس کو” اور تبدیلی کی قوتوں میں کشمکش جاری ہے۔ عوام پرانے نظام اور اس کے حامیوں کو ان کی تمام تر خرابیوں سمیت ہمیشہ کیلئے الوداع کرنا چاہتے ہیں مگر کرپشن کے عادی روایتی سیاستدان وقت کے پہیے کو الٹاگھمانے کیلئے پورا زور لگا رہے ہیں۔ کرپشن کیلئے واویلاکرنیوالے ایسے عناصر تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے۔ تبدیلی اور وزیر اعظم عمران خان کی مخالفت میں آج بھی وہی جماعتیں اکٹھی ہیں جو ماضی میں تھیں۔ آج اپنے ایک بیان میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ سسٹم کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے ۔ فرسودہ نظام کو “ابھی نہیں تو کبھی نہیں “کی بنیاد پر بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملکی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ دے دیا ہے۔پی ٹی آئی حکومت ملک کو معاشی لحاظ سے اپنے پاﺅں پر کھڑا کر رہی ہے۔ اس مقصد کیلئے دوست ممالک سمیت ہر ممکن طریقے سے وسائل کو بڑھانے کی سعی کی جارہی ہے اس ضمن میں سعودی عرب اور قطر کا تعاون پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج پہلے کسی کام آیا اور نہ اب آئے گا۔ بجٹ منظوری کی طرح اپوزیشن آئندہ بھی حکومت کا راستہ نہیں روک سکے گی۔ ملکی حالات دن بدن بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ وقت آنے پر عوام کو بھر پورریلیف دینگے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرنیوالوں کو ہر سطح پر ناکامی ہوگی۔وزیر اعظم عمران خان کا ویڑن ملکی ترقی و استحکام کا ضامن ہے۔ وہ وقت بہت جلد آئے گا جب ہم مصنوعی معیشت کی بجائے ٹھوس اور حقیقی طورپر مستحکم مالیاتی پوزیشن میں آکر پاکستان کو خطے کا طاقتور ملک بنا دیں گے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv