تازہ تر ین

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی سربراہی میں ریلوے میوگارڈنز لاہورمیں اہم اجلاس ہو

لاہور (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی سربراہی میں ریلوے میوگارڈنز لاہورمیں چھٹی کے روز اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ریلوے کے تمام اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رائل پام کنٹری کلب کے تفصیلی فیصلے کی روشنی میں ایک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی سربراہی سیکرٹری / چیئرمین ریلویز سکندر سلطان راجہ کریں گے دیگر ممبران میں چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل اعجاز احمد بروڑو، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر دوست علی لغاری، ممبر فنانس منظور اختر، انسپکٹر جنرل ریلوے پولیس واجد ضیائ، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور میاں عام نثار اور ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ہیں۔ یہ کمیٹی سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں رائل پام کے معاملات کو دیکھے گی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ رائل پام کنٹری کلب پر تشکیل دی گئی 9 رکنی کمیٹی 90 دن کے اندر اندر انٹرنیشنل ٹینڈر دے گی یہ ایسا ٹینڈر ہوگا جس کو دنیا دیکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ رائل پام کا فیصلہ ریلوے کی تاریخ کا ایک اہم فیصلہ ہے جس سے باقی قبضہ مافیا کو بھی ایک کلیئر پیغام جاتا ہے کہ ریلوے اپنی زمین پر کسی قسم کا قبضہ برداشت نہیں کرے گا۔ ریلوے کی یہ مذکورہ کمیٹی سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق رائل پام کا قبضہ فرگوسن کمپنی سے 7 دن کے اندر حاصل کرے گی۔ فرگوسن کمپنی اور پاکستان ریلوے ہر طرح کے فرانزک آڈٹ کے لیے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کو مدد فراہم کریں گے۔ کلب کی سرگرمیاں معمول کے مطابق چلیں گی کسی کی ممبر شپ کو کینسل نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے جوہر ٹاﺅن ایکسپوسینٹر میں چیمبر آف کامرس گوجرانوالہ کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا وزٹ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ریلوے، پی آئی اے اور لاتعداد ادارے خسارے میں ہیں ان حالات میں بھی ہم نے بجٹ پاس کیا ہے۔ ریلوے کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس 5 اور 8 جولائی کو بھی رکھا گیا ہے لیکن ایجنڈ ایک ہی ہے اور اس سے ریلوے کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا نقصان ہوگا میں اس حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی سے بات کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 تاریخ کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر قوم کے سامنے ریلوے کا بجٹ پیش کریں گے۔ 24 اگست کو بطور وزیر میرا ایک سال مکمل ہوجائے گا۔ 18 سال کے بعد ہم نے رائل پام کا کیس جیتا ہے 11 اپریل کو میں نے یہ کیس دائر کیاتھا اور خود سپریم کورٹ میں اس کیس کے لیے پیش ہوا۔ تمام قبضہ گروپ 60 دن کے اندر اندر ریلوے میں اپنے پیسے جمع کروادیں۔ اللہ کی مدد سے اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے آرڈر سے اگر شیخ رشید کے سی آر کے 42 میں سے 36 کلومیٹر خالی کرواسکتاہے تو ریلوے کا ایک ایک قبضہ بھی واپس لے سکتاہے۔ تمام لوگوں کو 90 دن کی چھوٹ دیتا ہوں کہ وہ ریلوے سے اپنے اکاﺅنٹ کلیئر کرلیں اور متعلقہ افسران کو بھی ہدایات کی ہیں کہ اگر آپ نے تمام لیزکو کلیئر نہ کیا تو آپ کو بھی پوسٹ سے فارغ کردیاجائے گا۔ پسنجر ٹرینوں کے ٹارگٹ پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ 3 تاریخ کو وزیراعظم پاکستان عمران خان سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جس سے 34 پسنجر ٹرینوں کا ٹارگٹ پورا ہوجائے گااور اس کے بعد پسنجر کی کوئی ٹرین نہیں چلائیں گے۔ اب ٹرینوں اور ٹریک کواپ گریڈ/ بہترکریں گے اور 6 فریٹ ٹرینیں چلائیں گے۔میں نے تمام ریلوے افسران کو ہدایت کی ہے کہ فریٹ ڈیپارٹمنٹ کولاہورسے کراچی شفٹ کردیاجائے کیونکہ لاہور سے زیادہ اس کی کراچی میں ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ریلوے میں ہم نے آمدن نہیں بڑھائی 2 تاریخ کو آپکو پتہ لگ جائے گا۔ اربوں روپے کا خسارہ کم کریں گے اور پانچ سال میں ریلوے کو خسارے سے پاک کریں گے۔ نئی پسنجر ٹرینوں اور فریٹ ٹرینوں کے ٹینڈرلگا دیئے ہیں اس سے پہلے یہ کمیشن خور سنگل ٹینڈر کرتے تھے اور اپنی پارٹیوں کو نوازتے تھے انہوں نے اپنی پارٹیوں کو ہوپر ویگنز اور لوکوموٹیوز کے ٹینڈر دیئے ہیں جب تک میں وزیر ہوں ایک بھی سنگل ٹینڈر نہیں ہوگا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv