اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے کوڈ آف کنڈکٹ میں رازداری اولین ہوتی ہے، جوڈیشل کونسل کی ہدایات پر ہی ریفرنسز ے متعلق وزیر قانون میڈیا کو آگاہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) والے قیدی نمبر 420 کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جیل گئے تھے، انہی قصیدہ گو اور لطیفہ گو نے اپنے ادوار میں سپریم کورٹ پر حملے، ججز کو ہدایات اور اٹیچی کیس دینے کی روایات متعارف کرائی تھیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان مک مکا ہوا ہے، دونوں پارٹیوں کی قیادت اثاثے چھپانے، منی لانڈرنگ اور جعلی اکاﺅنٹس کے معاملات میں براہ راست ملوث ہیں۔ وہ جمعرات کو مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد کے ہمراہ پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملائیشیا میں پھنسے ہوئے 320 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں، اس معاملے میں وزیراعظم عمران خان نے ذاتی دلچسپی لی، عید الفطر کے موقع پر ان 320 خاندانوں کے لئے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر سطح پر عوام کا درد سمجھتے ہیں اور عوام کی آسانیوں کے لئے خود بھی اور اپنی ٹیم کے ذریعے بھی فوری اقدامات اٹھانے کو ترجیح دیتے ہیں اور ان کا یہ عزم ہر روز مثبت سمت میں آگے بڑھ رہاہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا کوئی بھی شہر جہاں پر صنعت قائم ہے اور مسائل کا شکار ہے، اسے مسائل سے نکالنا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری ترجیح ہے، اور اس میں کوئی تفریق نہیں برتی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر فریقین کو 14 جون کے لئے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے کوڈ آف کنڈکٹ میں رازداری اولین ہوتی ہے، جوڈیشل کونسل کی تمام کارروائی ان کیمرہ ہوتی ہے جب تک سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے واضح ہدایات نہ ہوں تو تب تک حکومت ریفرنسز سے متعلق میڈیا سے کچھ بھی شیئر نہیں کر سکتی، اس ضمن میں سپریم جوڈیشل کونسل کی جانب سے ہدایات سامنے آنے پر ہی ریفرنسز سے متعلق میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں، عدلیہ، میڈیا اور عام شہریوں پر بھی کوڈ آف کنڈکٹ لاگو ہوتا ہے، کوئی بھی اس سے باہر نہیں ہے جو بھی آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کا ہر صورت احتساب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہو گا اس وقت ہمارے پاس 31 لاکھ 40 ہزار صنعتی کمرشل کنکشنز ہیں لیکن جی ایس ٹی صرف 40 ہزار دے رہے ہیں، انہیں بڑھانے کے لئے دونوں اطراف سے کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف قیدی نمبر 420 ہیں، انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے (ن) لیگ والے مرید بن کر جیل میں گئے ہیں اور ان کی قصیدہ گوئی کرتے رہے ہیں، آج ان کی تقریر کا محور عدلیہ کا وقار تھا، عوام قیدی نمبر 420 کے فریب میں آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جو عدلیہ کے وقار کی بات کر رہے ہیں، ان کی اپنے دور حکومت میں طلال چوہدری اور نہال ہاشمی توہین عدالت میں ٹرافی اور گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، ان کے منہ سے یہ باتیں زیب نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام سب پر واجب ہے لیکن مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اپنی منشاءاور مرضی کے مطابق قانون اور اداروں کا احترام کرتے ہیں، ان کا مشن ہے کہ کرپشن کرو، کھاﺅ پیو اور بھاگ جاﺅ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن) کو کرپشن لیگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کی کرپشن کے سامنے رکاوٹ صرف وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی ہیں، اب عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں، وہ بھی کرپشن کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم کر چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی اداروں پر حکومت کا کوئی اختیار نہیں ہے، جن لوگوں پر آئینی اور قانونی اداروں نے الزام لگائے ہیں، وہ لوگ ان کے سامنے جائیں اور ان کے سامنے جواب دیں، وہی مناسب فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے فائدے کے لئے اصلاحات لا رہے ہیں، حکومت اپوزیشن کی تحریک نما گیدڑ بھبکیوں سے خائف ہونے والے نہیں ہے، حکومت عوام کے ساتھ مل کر ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے کو پورا کرے گی۔