اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اربوں روپے لوٹنے والے نواز، شہباز، حمزہ اور آصف زرداری یا تو پیسے واپس کریں یا جیل کاٹیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے ماڈل ٹاﺅن میں آپریشن ہورہا ہے، کل سے لاہور میں چلنے والے ڈرامے کا مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں جو گھر کی بیسمنٹ میں چھپے بیٹھے ہیں اور انہوں نے خواتین و بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے، اصولی طور پر حمزہ شہباز کو گرفتاری دینی چاہیے اور الزامات کا سامنا بھی کرنا چاہیے۔فواد چوہدری نے کہا کہ حمزہ شہبازکو گرفتارکرنا نیب کے لیے مشکل نہیں ہے، ان کے پاس وارنٹ گرفتاری اور فورس موجود ہے اور وہ جب چاہیں گھر میں گھس گرفتار کرسکتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے تماشہ ہوگا، اس لیے وہ انتظار کررہے ہیں کہ حمزہ شہباز خود گرفتاری دیں، اور (ن) لیگ کی غنڈہ گردی بھی برداشت کررہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ قانون سے ریلیف شریف فیملی کو ملا ہے، شریف خاندان اپنی مرضی اور سہولت کے ساتھ قانون کو چلانا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی اورن لیگ چاہتی ہے قوم کا پیسہ ان کی جیب میں جاتارہے اورکوئی نہ پوچھیں، جب ان لوگوں پرہاتھ ڈالتے ہیں تویہ جمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں تاہم وقت آگیا ہے کہ سیاست اورجرم میں فرق کریں۔فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف اوران کے خاندان پرالزام ہے کہ انہوں نے بیرون ملک85بلین ارب کی جائیدادبنائی ہے جب کہ زرداری صاحب پرپانچ بلین بیرون ملک بھجوانے کا الزام ہے، اپوزیشن اپنی چوری بچانے میں لگی ہوئی ہے اب یہ لوگ یا توپیسے واپس کریں یاجیل جائیں۔