ریاض (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کی وزارت عظمی سنبھالنے کے ساتھ ہی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں گرمجوشی آئی ،پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لئے سعودی عرب نے کلیدی کردار ادا کیا ،سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے ہنگامی دورے بھی کیے ،پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے اچھی فلمیں بننا شروع ہوئی ہیں،دنیا میں پاکستانی ڈراموں کا معیار بہترین ہے،سعودی عرب میں پاکستانی فلموں کی نمائش ،ڈراموں اور فلموں کے تبادلے اور سعودی ائر لائن سے پاکستانی ٹی وی پروگرام دکھانے کے حولے سے بات ہو چکی ہے ،پاکستانی سعودی عرب میں سینما اور فلم کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔وہ جمعہ کو سعودی دارلحکومت ریاض میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سعودی عرب میں دو ملین پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی اپنا زرمبادلہ بجھواکر پاکستان معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں وزارت ثقافت کے اجراءکی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے سعودی وزیر ثقافت کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر آیا تھا،سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ گہرا تعلق ہے ،جب سے عمران خان نے وزارت عظمی سنبھالی ہے تک سے دونوں ممالک میں تعلقات میں مزید گرمجوشی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے جب پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان کے لئے جو الفاظ انہوں نے استعمال کیے اسکی مثال نہیں ملتی بالخصوص سعودی ولی عہد کا یہ کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں کسی اعزاز سے کم نہیں ہے دراصل ان کا پاکستان سے تعلق ظاہر ہوتا ہے اور اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کے آپس میں تعلقات کتنے گہرے ہیں ۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے مابین جو کشیدگی شروع ہوئی اسے کم کرنے کے لئے سعودی عرب کا اہم کردار ہے ،سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے دورے کیے اور کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب میں وزارت ثقافت کا قیام احسن اقدام ہے ،سعودی عرب کی وزارت ثقافت کے فروغ کے لئے پاکستان اپنا بھر پور کردار ادا کریگا ،پاکستان کی ثقافت پانچ ہزار سال پرانی ہے اور ارتقائی عمل سے گذری ہوئی ہے،ہمارے ادارے مضبوط ہیں اسی لئے ہم نے پیشکیش کی ہے کہ سعودی عرب ثقافت کے حوالے سے اکیڈمیز کے لئے پاکستانی آرٹسٹ کی خدمات فراہم کیں جائیں گی ،سعودی وزیر ثقافت نے اس پیشکیش کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سعودی عرب میں راحت فتح علی خان آئے تھے اور پرفارم کیا ،آئندہ ماہ اپریل میں دوبارہ سعودی عرب میں پاکستانی ثقافت کا میلہ سجے گا ،سعودی عرب کے شہریوں سمیت یہاں موجود پاکستانیوں کو بھی دیکھنے کے لئے بہت کچھ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے پاکستان نے مختلف ممالک کے ساتھ ویزہ رجیم میں تبدیلی کی ہے اسی طرح سعودی عرب کے شہریوں کے لئے ویزہ اور فیس ختم کر دی گئی ہے ،سعودی شہریوں کو پاکستانی ائرپورٹس پر ہی ویزہ جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو رہا ہے،سعودی سیاحوں کا پاکستان آنا ہماری معیشت کیلئے فائدہ مند ہو گا۔وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ بڑی تعداد میں سعودی شہریوں کے آنے سے عوامی رابطوں کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کا تبادلہ بھی کرینگے،سعودی ائر لائن سے پاکستانی ٹی وی پروگرام دکھانے کی بات ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستانی فلموں کی نمائش کی اجازت پر بھی بات ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ 1971کے بعد پاکستانی سینما زوال پذیر تھا جو اب بہتر ہو رہا ہے،پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے اچھی فلمیں بننا شروع ہوئی ہیں،دنیا میں پاکستانی ڈراموں کا معیار بہترین ہے،حکومت اچھی فلمیں بنانے والوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سعودی عرب میں سینما اور فلم کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستانی ثقافت کے ذریعے مثبت ملکی تشخص اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔