لاہور(ویب ڈیسک ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہماری پوری ٹیم تبدیلی کے لیے کام کررہی ہے۔ بیوروکریسی اور وزراءکو عوامی خدمت کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے دن رات ایک کرنا ہوگا۔ عمران خان کی ٹیم میں وہی رہے گا جو کام کرے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج الحمراءآرٹس کونسل سے متصل برنی پارک میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراءاطہرعلی خان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہسپتالوں سکولوں اور کالجوں کے دورے کر رہے ہیں اور ایک متحرک رہنما کے طور پر اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ ہمارے حکومتی نمائندے سابق حکومت کے دور کے گھپلوں کی بھی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو کھرے کھوٹے کی پہچان ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت گزر گیا جب حکمران اور بیورو کریسی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتی تھی اب جو کام نہیں کرے گا اس کو گھر جانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہا انہوں نے آج ایل ڈی اے کا اچانک دورہ کیا ہے جس کا مقصد وہاں کے حالات کار اور لوگوں کے مسائل کے حل کی صورتحال جاننا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کا ون ونڈو آپریشن کامیابی سے چل رہاہے اور وہاں آئے ہوئے لوگوں نے اِس معاملے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا حق بنتا ہے کہ وہ صوبہ بھر میں عوامی خدمت کے کسی بھی ادارے کا کسی بھی وقت دورہ کریں اور فرائض منصبی سے غفلت بھرتنے والے افسران و اہلکاران کو معطل کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مختلف اداروں کے سرپرائز وزٹ کرکے اِن اداروں کو پیغام دیا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔