اسلام آ با د (نامہ نگار خصوصی)دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پلوامہ پر بھارتی ڈوزئیر پر پاکستان نے تحقیقات کیں، کسی پاکستانی کا اس واقعے سے تعلق نہیں، مسعود اظہر کا بھی پلوامہ واقعے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا، سمجھوتہ ایکسپریس ملزمان کی بریت انصاف کا کھلواڑ ہے، سمجھوتہ ایکسپریس حملوں میں ملاث تمام ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا، شامی علاقے پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مذمت کر تے ہیں، جمعر ات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی معلومات میں 90 سے زیادہ لوگوں کے نام تھے، اس سلسلے میں بھارت سے مزید شواہد اور معلومات مانگی ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس ملزمان کی بریت انصاف کا کھلواڑ ہے، سمجھوتہ ایکسپریس حملوں میں ملاث تمام ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کی دو بہنوں سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا بیان الیکشن میں ووٹ لینے کے لیے ہے۔تر جمان دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت سے پلوامہ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کرتارپور راہداری سے متعلق خوشگوار ماحول میں مذاکرات ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شامی علاقے پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی فیصلہ یو این چارٹر اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ان کا مز ید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے دی گئی معلومات اور دستاویزات پر ایف آئی اے کی دس رکنی کمیٹی نے تحقیقات کیں۔ پلوامہ حملہ کے ساتھ پاکستان کا کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا اور نہ ہی کسی فرد کے انفرادی حیثیت میں پلوامہ حملہ میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آئے ہیں۔ پلوامہ حملے سے متعلق موصول ڈوزیئر کا مکمل جائزہ لیا گیا اور بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دے دیئے گئے۔ڈوزیئر میں بھارت کی جانب سے تمام تکنیکی معلومات فراہم کی گئیں جس کے مطابق پاکستان کی جانب سے تحقیقات کی گئیں۔ بھارت کے پاس اگر ایکشن کے لائق معلومات ہیں تو ہمیں دیں ہمیں مزید معلومات درکار ہیں۔ ڈوزیئر میں مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ بھارت نے 90افراد کی فہرست ہمیں دی مگر 36افراد سے متعلق کوئی شناخت نہیں دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاردہ مندر کے حوالے سے ابھی کوئی بات زیر غور نہیں ہے۔ ہم دونوں ممالک کے مابین پرامن ماحول قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔ مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے ابھی معاملہ ایک کمیٹی میں زیر غور ہے ایسی صورتحال میں سلامتی کونسل میں لانا درست نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان ایک حساس مسئلہ ہے۔ افغان مسئلے کے حل میں وقت لگے گا لہذا فریقین احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ افغان مسئلہ پر معاملات کو میڈیا پر لانے سے اجتناب کرنا چاہئے۔ بھارت کی جانب سے خلاءمیں ہتھیاروں کی دوڑ کے آغاز کو درست نہیں سمجھتے۔ بھارت کی جانب سے خلاءمیں کیا گیا تجربہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے خلاءتمام انسانوں کی مشترکہ میراث ہے ایسے تجربات سے اقوام عالم کو خطرات لاحق ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان پر لازم ہے کہ وہ اپنی جیلوں میں موجود پاکستانیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایسے حالات نہیں کہ وہاں پر انتخابات ہوسکیں۔ بھارت کو اب تک سمجھ نہیں آرہی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ایسے نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کیلئے نامزد ہائی کمشنر کا نام جلد فائنل کرلیا جائے گا۔
![](https://channelfivepakistan.tv/wp-content/uploads/2017/03/daftar-kharja.jpg)